نوشکی: فائرنگ ایک شخص ہلاک، لواحقین کا احتجاج

317

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا۔

مقتول کے لواحقین نے میت کے ہمراہ آر سی ڈی شاہراہ کو احتجاجاً بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تین بجے آر سی ڈی شاہراہ پر واقع محفل ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محمدحیات نامی شخص کو قتل اور ان کے ساتھی محمد یعقوب جمالدینی کو زخمی کردیا ۔

حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے، واقعے کے خلاف مقتول محمد حیات گرگناڑی کے لواحقین نے ہفتے کے روز میت کے ہمراہ آر سی ڈی شاہراہ پر دھرنا دیا جس سے کوئٹہ تفتان مرکزی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ۔

رمضان المبارک میں مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایس پی عبدالروف بڑیچ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے ہمراہ لواحقین سے مزاکرات کی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کی یقین دہانی پر لواحقین نے احتجاج ختم کردیا۔ اس موقع پر بی این پی کے سنٹرل کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔