لواحقین کا حکام سے تینوں افراد کی بازیابی اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ۔
بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تربت کے علاقے آسکانی آبسر سے اطلاعات کے مطابق 24 اکتوبر کی رات پاکستانی فورسز کی جانب سے حراست میں لیے جانے والے تین افراد تاحال منظرعام پر نہیں آسکے۔
لواحقین کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں تلاؤ ولد ناگمان، محمد حیات ولد بابل اور چارشمبے ولد شمبے شامل ہیں، تینوں افراد کو 24 اکتوبر کی رات تقریباً 8 بجے آسکانی آبسر سے حراست میں لیا گیا تھا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو گاڑی اور دیگر سامان سمیت حراست میں لے جایا گیا، تاہم اس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ان کی بازیابی عمل میں آئی ہے۔
پیر جان ولد تلاؤ نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر مختلف سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں اور میڈیا کے ذریعے بھی آواز اٹھائی، لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
لواحقین نے ڈپٹی کمشنر کیچ، ڈی پی او کیچ اور کمشنر مکران سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر تینوں افراد کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں اور ان کی فوری بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
















































