بہاولپور: بلوچ طالب علم ثقلین بلوچ جبری لاپتہ

12

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل بہاولپور کے رکن اور دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بی ایڈ کے طالب علم ثقلین بلوچ، جن کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے پیر عادل سے ہے، کو جمعرات، 29 اکتوبر 2026 کو سہ پہر تقریباً 3 بجے جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا۔

کونسل کے مطابق ثقلین بلوچ کو حاصل پور روڈ پر جاپان ٹاؤن کے سامنے ایک رکشے سے سیکیورٹی ادارے سے وابستہ اہلکاروں نے زبردستی اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں، جبکہ اہلِ خانہ کو بھی ان کی موجودگی یا قانونی حیثیت کے حوالے سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔

اہلِ خانہ کے مطابق، انہوں نے مختلف تھانوں کے متعدد چکر لگائے اور حکام سے رابطہ کیا، لیکن تاحال انہیں ثقلین بلوچ کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی واقعے کے حوالے سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل پنجاب نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ثقلین بلوچ کی موجودگی کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کیا جائے، ان کی بحفاظت اور بغیر کسی نقصان کے بازیابی یقینی بنائی جائے اور اگر وہ قانونی تحویل میں ہیں تو انہیں مجاز عدالت میں پیش کیا جائے۔

کونسل نے مزید مطالبہ کیا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور قانون کے مطابق شفاف کارروائی اور ریاستی قوانین کے تحت شہریوں کو حاصل بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔