پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے یکم نومبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 17 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فوجی بیان میں کہا گیا کہ ضلع کچھی کے علاقے سنی میں کیے گئے آپریشن کے دوران مسلح افراد کی جانب سے شہر میں ناکہ بندی قائم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ کارروائی میں 10 مسلح افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرنے کا بتایا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع خاران میں دوسرے آپریشن کے دوران مسلح افراد کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 7 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا۔ اس کارروائی میں فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ، ساکن ضلع کرک، کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقوں نوشکی، مستونگ اور خاران میں پاکستانی فورسز کو حملوں کے دوران جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم عسکری حکام کی جانب سے ان حملوں کے حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

















































