ہیرونک: پاکستانی فورسز کے پیدل اہلکاروں پر دھماکہ

148

بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستانی فورسز کو ایک بم دھماکے میں جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آج صبح کیچ کے علاقے ہیرونک میں نکیر کے مقام پر پاکستانی فورسز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کو اس وقت بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جب وہ راستے کی کلئرینس کررہے تھے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے میں فورسز کا ایک اہلکار ہلاک اور مزید ایک شدید زخمی ہوا ہے۔ حکام نے تاحال واقعے اور نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب زیارت کے علاقے خرواری بابا میں بلوچ لبریشن آرمی نے ایک حملے میں پاکستانی فوج کے دو پوسٹوں پر حملہ کرکے اپنے کنٹرول میں لیا۔

بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے روز بی ایل اے کے سرمچاروں نے ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت زیارت میں ”خرواری بابا” کے مقام پر قائم قابض پاکستانی فوج کے دو عسکری کیمپوں پر بیک وقت حملہ کیا۔ سرمچاروں نے مختلف سمتوں سے پیش قدمی کرتے ہوئے کیمپوں کا گھیراؤ کیا اور زبردست جھڑپ کے بعد کامیابی کے ساتھ دونوں کیمپوں پر مکمل کنٹرول قائم کرلیا۔ اس قریبی لڑائی کے نتیجے میں قابض فوج کے 9 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ شکست خوردہ دشمن کے دیگر اہلکار اپنی پوزیشنز اور ہتھیار چھوڑ کر میدانِ جنگ سے بھاگ کھڑے ہوئے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کیمپوں پر قابض ہونے کے بعد، سرمچاروں نے وہاں موجود بھاری مقدار میں جدید عسکری اسلحہ، مواصلاتی آلات اور گولہ بارود کا ذخیرہ اپنے قبضے میں لے لیا، اور بعد ازاں دونوں فوجی کیمپوں کو نذرِ آتش کرکے مکمل طور پر تباہ کردیا۔