ڈاکٹر ماہ رنگ، شاہ جی کیس: انصاف کے بنیادی اصول نظرانداز کیے گئے، اہلِ خانہ کا کل احتجاج کا اعلان

15

کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر حراست قیادت ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور شاہ جی کے اہلِ خانہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کی مسلسل حراست اور انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف آواز اٹھائی۔

اہلِ خانہ نے اس فیصلے کو سراسر ناانصافی قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر تمام قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

اہلِ خانہ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ شاہ جی نے ہمیشہ پرامن اور جمہوری طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انصاف کی فراہمی جیسے اہم مسائل پر مسلسل آواز بلند کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرامن سیاسی آوازوں کو عمر قید کی سزا دینا بنیادی انسانی حقوق، آزادیٔ اظہارِ رائے اور پُرامن اجتماع کے حق پر براہِ راست حملہ ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران اہلِ خانہ نے اعلان کیا کہ وہ کل ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کریں گے۔ انہوں نے طلبہ، وکلا، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے محافظوں، صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین ناانصافی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔

اہلِ خانہ نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ انصاف، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، سبغت اللہ شاہ جی بلوچ، بیبگر بلوچ، گلزادی بلوچ اور بیبو بلوچ کے لیے منصفانہ ٹرائل کے حق کے مطالبے میں متحد ہوں۔