برازیل: لولا دا سلوا چوتھی مرتبہ صدر منتخب، دائیں بازو کے امیدوار کو شکست

8

برازیل کے صدارتی انتخابات میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے موجودہ صدر لولا دا سلوا نے کامیابی حاصل کرلی، وہ دوسرے مرحلے میں دائیں بازو کے امیدوار فلیویو بولسونارو کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 25 اکتوبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں لولا دا سلوا نے 51.77 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے حریف فلیویو بولسونارو کو 48.23 فیصد ووٹ ملے۔

لولا دا سلوا کی یہ کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انہیں انتخابات کے پہلے مرحلے میں فلیویو بولسونارو کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم دوسرے مرحلے میں بائیں بازو کی انتخابی مہم میں تیزی اور حامیوں کی متحرک شرکت کے بعد وہ دوبارہ برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ لولا دا سلوا کا تعلق ورکرز پارٹی سے ہے اور وہ اس سے قبل 2003 سے 2010 تک دو مرتبہ برازیل کے صدر رہ چکے ہیں، 2022 کے انتخابات میں انہوں نے سابق صدر ژائیر بولسونارو کو شکست دے کر اقتدار میں واپسی کی تھی۔

لولا کی حالیہ کامیابی کو برازیل کی سیاست میں بائیں اور دائیں بازو کے درمیان جاری کشمکش کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، ان کے مدِمقابل فلیویو بولسونارو سابق صدر ژائیر بولسونارو کے بیٹے ہیں اور انتخابی مہم کے دوران انہوں نے جرائم کے خلاف سخت اقدامات اور قدامت پسند سیاسی ایجنڈے کو نمایاں کیا۔