مسلح حملے کے بعد بلوچستان میں ٹرین سروس ایک روز کے لیے معطل

0

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور سریاب، کچلاک جناح پیپلز ٹرین کل نہیں چلیں گی، کوئٹہ، سبی اور چمن سیکشنز پر بھی آمدورفت معطل رہے گی۔

ریلوے حکام نے بلوچستان میں ٹرین آپریشن 29 اکتوبر کو ایک روز کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس روانہ نہیں ہوگی۔

ریلوے حکام کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کوئٹہ ڈویژن کے کوئٹہ، سبی اور کوئٹہ، چمن سیکشنز پر تمام ٹرینوں کی آمدورفت بھی ایک روز کے لیے معطل رہے گی، جبکہ سریاب، کچلاک جناح پیپلز ٹرین بھی کل نہیں چلے گی۔

حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو کل جیکب آباد تک محدود رکھا جائے گا، ٹرین آپریشن کی بندش سے متاثرہ مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جائے گی۔

واضح رہے کہ آج نصیرآباد کے قریب مسلح حملے میں جعفر ایکسپریس اور ریلوے پٹڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ ریپبلکن گارڈز “بی آر جی” نے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

بی آر جی کے ترجمان دوستین بلوچ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا تھا کہ بلوچ سرمچاروں نے جعفر ایکسپریس کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو لے جارہی تھی، تنظیم نے اپنے بیان میں حملے کے دوران فورسز اہلکاروں کی ہلاکتوں کا بھی ذکر کیا تھا۔