بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بدھ کو پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں متعدد اہلکاروں کے ہلاک و زخمی ہونے اور ایک گاڑی کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ضلع کیچ کے علاقے سامی، ہفتاری کے مقام پر پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) روٹ پر پاکستانی فورسز کی ایک گاڑی کو آئی ای ڈی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ گاڑی میں سوار اہلکاروں کے ہلاکت و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایک علیحدہ واقعے میں ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کسٹمز آفس کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
دریں اثنا، ضلع خضدار کے علاقے کرخ کے قریب مسلح افراد نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم سات اہلکار زخمی ہو گئے۔
تاحال کسی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔


















































