تربت پنجاب سے لائے گئے یوٹیوبرز کی موجودگی: مقامی صحافیوں و طبی عملے سے بدسلوکی کی مذمت کرتے ہیں۔ آل پارٹیز کیچ

0

تربت میں پنجاب سے لائے گئے غیر معروف یوٹیوبرز کی موجودگی اور مختلف اداروں کے دوروں کے دوران شہر کے راستے بند رکھنے اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے صحافیوں، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف سے بدسلوکی پر آل پارٹیز کیچ نے شدید مذمت کی ہے۔

آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ چار روز سے بلاجواز پورے تربت کے تمام راستے چند غیر معروف یوٹیوبرز کی تربت میں موجودگی اور مختلف اداروں کے دوروں کے باعث بند رکھے گئے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ان یوٹیوبرز کے تربت پریس کلب کے دورے کے دوران صحافیوں کے ساتھ انتہائی بدسلوکی کی گئی، جبکہ ٹیچنگ ہسپتال تربت کے دورے کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے ڈاکٹروں کی بے عزتی کی اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو زدکوب بھی کیا۔

آل پارٹیز کیچ کے مطابق یوٹیوبرز کے دورے اور تربت میں موجودگی کے باعث مریضوں کو ہسپتال آنے سے بھی روکا گیا، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

بیان میں سیکیورٹی فورسز کے اداروں کے رویے اور پورے شہر کو بلاجواز بند رکھنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور صحافی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے شہر تربت میں پاکستان کے مختلف شہروں بلخصوص اسلام آباد و لاہور سے لائے گئے یوٹیوبرز کی سیکورٹی کے لئے شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو روز مرہ کے معملات میں مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کی جانب سے آج شہر میں ریلی بھی نکالی گئی ہے۔