ایران کے جنوب میں واقعہ مکران خطے میں واقع بلوچ آبادی والے علاقے کوہستک میں امریکی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک گھر میں جاری شادی کی تقریب متاثر ہونے سے کم از کم 5 افراد جانبحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق یکم ستمبر کو ہرمزگان کے ضلع سیریک کے شہر کوہستک میں امریکی میزائل کے ملبے اور شیلنگ سے ایک رہائشی مکان متاثر ہوا، جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔
ایرانی ریڈ کریسنٹ کے مطابق حملے میں ایک کمسن بچے سمیت کم از کم 4 افراد جانبحق اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جبکہ بعد ازاں مقامی حکام نے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 5 ہونے کی تصدیق کی۔
مقامی حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے متعدد ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔
کوہستک ہرمزگان کے ضلع سیریک میں واقع ایک ساحلی شہر ہے اور تاریخی مکران خطے کے مغربی حصے سے جڑے ان علاقوں میں شامل ہے جہاں بلوچ آبادی بھی آباد ہے۔
تاریخی طور پر کوہستک اور سیریک کا خطہ مکران کے ساحلی حصے میں واقع ہے، جسے بلوچ تاریخ اور جغرافیے میں ایران کے زیر انتظام مغربی بلوچستان کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔
یہ علاقہ صدیوں سے بلوچ آبادیوں، قبائل اور بلوچ ساحلی تہذیب سے منسلک رہا ہے موجودہ دور میں کوہستک اور سیریک ایران کے انتظامی صوبہ ہرمزگان میں شامل کیا گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے یکم ستمبر کو ایران میں نئے فضائی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کارروائیوں کا مقصد ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ان اہداف کو نشانہ بنانا تھا جنہیں واشنگٹن خطے میں امریکی فوجیوں اور تجارتی جہازوں کے لیے خطرہ قرار دیتا ہے۔ تاہم امریکی فوج نے کوہستک میں شادی کی تقریب والے مکان کو اپنے حملے کا ہدف قرار نہیں دیا۔
ایرانی حکام اور ریڈ کریسنٹ کے مطابق کوہستک میں ہونے والے حملے میں شہری آبادی متاثر ہوئی ہے، جبکہ امریکی حملے کے نتیجے میں بلوچ آبادی والے مکران کے اس ساحلی علاقے میں شہری ہلاکتوں کا واقعہ سامنے آیا ہے۔


















































