قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکا پر مردانہ وار کارروائی کرکے جواب دیں گے – القدس

206

ایران کی قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قانی نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کو بزدلانہ حملے میں شہید کرنے والے امریکا پر مردانہ وار کارروائی کرکے جواب دیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ امریکا نے بزدلوں کی طرح حملہ کرکے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا ہے جس کا ہم مردوں کی طرح بہادری سے جواب دیں گے۔

قدس فورس کے سربراہ نے مزید کہا کہ ایران امریکا کی طرح پیچھے سے بزدلانہ وار نہیں کرتا بلکہ مردوں کی طرح سامنے آکر مقابلہ کرتا ہے اور جلد ہی امریکا کو پتہ چل جائے گا کہ اس نے کس سے ٹکر لی ہے۔

قبل ازیں ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے بھی امریکا کو دھمکی دی تھی کہ جنرل قاسم سلیمانی کا بدلا لینے کے لیے اُن کی فوج امریکا پر میزائل حملے سے بھی بڑھ کر کارروائی کرے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ امریکی فوج نے بغداد میں میزائل حملے میں قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیا تھا جس کے جواب میں ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا۔