درخشاں ایف سی چیک پوسٹ مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کے لیے دردِ سر بن گئی، آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن

17

آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ درخشاں ایف سی چیک پوسٹ ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کے لیے دردِ سر بن گئی ہے۔ چیک پوسٹ پر اکثر و بیشتر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہتی ہیں، جس کے باعث مسافر بسوں اور منی ویگنوں میں سوار مسافروں، خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز بھی اذیت کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درخشاں ایف سی چیک پوسٹ پر تعینات عملے کا ٹرانسپورٹروں کے ساتھ رویہ بھی اکثر نامناسب ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ڈرائیوروں کو ذہنی کوفت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

صوبائی ترجمان نے مزید کہا کہ ایک طرف بلوچستان میں سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث آئے روز قومی شاہراہوں پر حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، تو دوسری جانب شاہراہوں پر مسلح ڈاکوؤں کی موجودگی کے باعث ٹرانسپورٹرز اور مسافر بھی محفوظ نہیں ہیں۔ ایسے خوف و ہراس کے ماحول میں ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیور پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ درخشاں ایف سی چیک پوسٹ پر گھنٹوں انتظار نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی چیک پوسٹ پر گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنے اور طویل چیکنگ کے عمل سے ٹرانسپورٹرز شدید تنگ آچکے ہیں۔

صوبائی ترجمان نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، کمانڈر 12 کور، آئی جی ایف سی بلوچستان سمیت دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، چیک پوسٹ پر چیکنگ کے عمل کو مؤثر اور تیز رفتار بنائیں، ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں اور انہیں گھنٹوں انتظار کی اذیت سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔