امریکی ڈرون ساز کمپنی پاور یو ایس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پاکستانی فوج کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت کمپنی کو بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز) سے متعلق ابتدائی آرڈر بھی ملا ہے۔
کمپنی کے شریک بانی بریٹ ویلیکووچ نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو میں کہا کہ بدھ کو ایک اہم ایم او یو پر دستخط کیے گئے اور اس کے تحت کمپنی کو ابتدائی آرڈر بھی موصول ہوا۔
تاہم انھوں نے سکیورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے معاہدے میں شامل ٹیکنالوجی یا آرڈر کی مالیت کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
پاور یو ایس فضائی اور بحری ڈرونز تیار کرتی ہے جو فوجی اور صنعتی مقاصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاور یو ایس کے وفد نے، جس کی قیادت بریٹ ویلیکووچ کر رہے تھے، عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں ایم او یو کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم کہا گیا کہ ملاقات میں دفاعی ٹیکنالوجی، دفاعی خریداری، دفاعی پیداوار اور استعدادِ کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوا۔
بیان کے مطابق عاصم منیر نے قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی حل کی اہمیت پر زور دیا۔


















































