فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں گزشتہ روز کھیلے گئے تین دلچسپ مقابلوں کے بعد انگلینڈ، بیلجیم اور امریکہ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں جگہ بنا لی۔
دن کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ بیلجیم اور سینیگال کے درمیان کھیلا گیا، جہاں سینیگال ایک وقت میں 2-0 کی برتری حاصل کیے ہوئے تھا اور فتح کے دہانے پر کھڑا تھا، تاہم بیلجیم نے آخری لمحات میں شاندار واپسی کرتے ہوئے پہلے رومیلو لوکاکو کے ذریعے خسارہ کم کیا، پھر یوری ٹائیلیمانس نے برابری کا گول کر دیا۔
اضافی وقت کے آخری لمحات میں وی اے آر کے فیصلے کے بعد ملنے والی پنالٹی پر ٹائیلیمانس نے فاتحانہ گول اسکور کر کے بیلجیم کو 3-2 سے تاریخی فتح دلا دی۔
اس ڈرامائی کم بیک کے بعد بیلجیم نے راؤنڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے ایک اور مقابلے میں انگلینڈ نے ڈیموکریٹک ریپبلکن کانگو کو 2-1 سے شکست دی، ڈی آر کانگو نے ابتدا میں برتری حاصل کی، تاہم کپتان ہیری کین نے دو اہم گول کرکے انگلینڈ کو ممکنہ اپ سیٹ سے بچا لیا اور ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔
تیسرے میچ میں میزبان امریکہ نے بوسنیا و ہرزیگووینا کو 2-0 سے شکست دے کر اپنی مہم کامیابی سے جاری رکھی، امریکہ نے منظم کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں گول اسکور کیے اور اعتماد کے ساتھ راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا۔
ان نتائج کے بعد راؤنڈ آف 16 میں انگلینڈ کا مقابلہ میکسیکو جبکہ بیلجیم کا سامنا امریکہ سے ہوگا، ورلڈ کپ کے آج کے میچز میں اسپین کا سامنا آسٹریا سے ہوگا۔



















































