گل شاہ محمد حسنی اور ظہور شاہ شے زی کی بازیابی کی تصدیق ذرائع نے کردی۔
بلوچستان کے ضلع چاغی سے اغوا ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او گل شاہ محمد حسنی اور قبائلی رہنما ظہور شاہ شے زی بازیاب ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ایس ایچ او گل شاہ محمد حسنی کو گزشتہ ماہ 19 ستمبر کو نامعلوم مسلح افراد نے چاغی سے اغوا کرلیا تھا، جبکہ قبائلی رہنما ظہور شاہ شے زی بھی اغوا ہونے والوں میں شامل تھے۔
دونوں کی بازیابی سے متعلق اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سرکاری افسران، بشمول پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں، کے اغوا کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رواں سال بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل جج، پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت قبائلی رہنماؤں کے اغوا کے واقعات پیش آچکے ہیں۔
گزشتہ روز مستونگ کے قریب مسلح افراد نے ایک مسافر وین سے قلات ریکروٹ ٹریننگ سینٹر کے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا، جو چھٹی پر اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔
اس سے دو روز قبل خاران سے رخشان ڈویژن کے کمشنر اسد اللہ کاکڑ کو بھی اغوا کیا گیا تھا، جو تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔



















































