عدن ایئرپورٹ پر حوثیوں کے دو میزائل حملے

1

حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو میزائل جمعے کی شب یمن کے جنوبی بندرگاہی شہر عدن کے ہوائی اڈے پر آ گرے جب ایک مسافر طیارہ پرواز کی تیاری کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عرب نیوز کے مطابق یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں بتایا کہ ’میزائل یمنیہ ایئرویز کی پرواز آئی وائے612  سے تقریباً 500 میٹر کے فاصلے پر گرے جو قاہرہ روانہ ہونے والی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میزائل رن وے کے وسطی حصے سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر گرے اور تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔‘

یہ حملہ ایک روز بعد کیا گیا جب حوثیوں کے عدن میں صدارتی محل کے کمپلیکس پر حملے میں وزارت صحت کے مطابق کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔ 2015 میں یمنی خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے عدن بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا مرکز رہا ہے۔

معمر الاریانی نے جمعے کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسافروں، فضائی عملے اور شہری ہوا بازی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا اور کہا کہ اس واقعے میں درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’جو کچھ ہوا وہ صرف ایک شہری ہوائی اڈے پر حملہ نہیں تھا بلکہ مسافروں، فضائی عملے اور فضائی آمدورفت کی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ تھا، اور یہ بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’روزانہ درجنوں پروازوں کو سنبھالنے والے ایک شہری ہوائی اڈے کو نشانہ بنانا نہ کوئی فوجی کامیابی ہے اور نہ ہی ایسی فتح جس پر فخر کیا جا سکے۔‘