پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی سکول کی چھت گرنے سے 17 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 18 افراد ہلاک جبکہ 17 بچے زخمی ہو گئے ہیں۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق واقعے کے بعد 17 بچوں کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا، جبکہ ایک خاتون ٹیچر کی لاش بھی ہسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ 17 زخمی بچوں کو بھی علاج کے لیے ایل آر ایچ منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد ایل آر ایچ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ بھی ٹراما سینٹر میں موجود ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
محمد عاصم کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام بچوں کی عمریں 13 سال تک ہیں۔


















































