ہرنائی: مسلح افراد کی ناکہ بندی، پنجاب کے دو رہائشی اغوا

0

مسلح افراد نے اسنیپ چیکنگ کے دوران دو افراد کو تحویل میں لے کر اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

بلوچستان کے علاقے ہرنائی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہرنائی اور سنجاوی کے درمیان شاہراہ پر طورخام تنگی کے مقام پر مسلح افراد نے ناکہ بندی قائم کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی۔

اطلاعات کے مطابق اسنیپ چیکنگ کے دوران مسلح افراد دو افراد کو شناخت کی جانچ کے بعد اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئے۔

ہرنائی پولیس نے مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ہونے والے افراد کی شناخت اصغر ولد محمد آصف اور طارق کے نام سے کی ہے، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کے علاقے چوک قریشی سے بتایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اغوا ہونے والے دونوں غیر مقامی افراد پیشے کے لحاظ سے ٹرک ڈرائیور ہیں، تاہم واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔