بلوچستان: مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا سرکاری ٹھیکیدار اور غیر ملکی شہری سمیت پانچ افراد بازیاب

65

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے اغوا ہونے والے پانچ افراد بازیاب ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی میں 22 اپریل کو مسلح افراد نے ایک مائننگ سائٹ پر حملہ کرکے وہاں موجود مشینری کو تباہ کرنے کے بعد ایک غیر ملکی آپریٹر کو اغوا کرلیا تھا۔

پولیس کے مطابق چاغی سے اغوا ہونے والے آپریٹر صالح گل جمال، جو ترکیہ کا رہائشی ہے، کو اغوا کاروں نے مستونگ کے قریب چھوڑ دیا ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو چاغی کی ایک مائننگ سائٹ پر حملے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں ایک ترک شہری بھی شامل تھا۔

ادھر گزشتہ روز کوئٹہ سے آتے ہوئے بلوچستان کے ضلع قلات کے قریب مسلح افراد کی ناکہ بندی کے دوران تین محافظوں سمیت اغوا ہونے والے رکنِ بلوچستان اسمبلی کے کزن اور سرکاری ٹھیکیدار میر ثناء اللہ بہرانی بھی آج بازیاب ہو گئے ہیں۔