تربت: خدیجہ بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف دھرنا، سی پیک شاہراہ بند، ٹریفک معطل

5

خدیجہ بلوچ بنت پیر جان کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع ، جہاں ان کی فوری رہائی کے مطالبے پر تربت میں کوئٹہ، سی پیک شاہراہ ہیرونک کے مقام پر بلاک کر دی گئی ہے۔

مظاہرین نے سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، جس کے باعث تربت، ہوشاپ، آواران، پنجگور، سوراب اور کوئٹہ کے درمیان دو طرفہ ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ خدیجہ بلوچ کی جبری گمشدگی کو کئی دن گزر چکے ہیں مگر تاحال ان کی بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے خلاف احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج کے سامنے جاری احتجاجی دھرنا جاری ہے، جہاں لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد انصاف اور بازیابی کے مطالبے کے ساتھ موجود ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر خدیجہ بلوچ پر کوئی الزام ہے تو انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق منصفانہ ٹرائل فراہم کیا جائے۔