بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک) تربت زون نے ضلع کیچ کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں چوری، ڈکیتی، فائرنگ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بساک تربت زون کے نمائندوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کی اقوام تعلیم کے میدان میں ترقی کر رہی ہیں، بلوچستان میں تعلیمی صورتحال پہلے ہی مخدوش ہے۔ ایک طرف بنیادی تعلیم کے لیے اسکولوں کی کمی ہے تو دوسری جانب موجودہ تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی بحران کے ساتھ اب تعلیمی اداروں کا غیر محفوظ ہونا ایک نیا اور سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ضلع کیچ کے مختلف سرکاری و نجی اسکولوں میں چوری، لوٹ مار، فائرنگ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اکتوبر اور نومبر کے دوران گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوشقلات، گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول میری، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول گلشن آباد اور گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول ڈنک میں چور داخل ہوئے اور قیمتی سامان چوری کرنے کے ساتھ اسکولوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔
بساک کے مطابق اکتوبر کے آغاز میں بلیدہ کے ایک نجی اسکول پر بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں سی سی ٹی وی کیمروں، اسکول کے دروازوں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
تنظیم نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ تعلیمی اداروں میں تحفظ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے، واقعات میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف جلد قانونی کارروائی کی جائے اور اسکولوں کو ایک بار پھر پرامن تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔
بساک تربت زون نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ اس مسئلے کے مستقل حل میں ناکام رہی تو تنظیم ضلع کیچ کے تعلیمی اداروں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کرے گی۔


















































