خزاں میں بہار: یومِ شہداء، دُرک جان تمہارے نام
سنگین دُرا
دی بلوچستان پوسٹ
انقلاب محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک احساس ہے؛ ایک ایسی بے چینی جو انسان کے ضمیر میں اس وقت جنم لیتی ہے جب وہ اپنی سرزمین کے درد میں مبتلا، اپنے لوگوں کو ناانصافی کے سامنے بے بس اور اپنی آزادی کو خطرے میں دیکھتا ہے۔ چی گویرا کی ڈائری پڑھتے ہوئے مجھے احساس ہوا کہ بعض سفر انسان کو صرف نئی زمینوں سے روشناس نہیں کرواتے، بلکہ اس کے اندر ایک نئی دنیا آباد کر دیتے ہیں۔ انسان جب دوسروں کی محرومیوں کو اپنی محرومی، ان کے آنسوؤں کو اپنا درد، اور ان کی آزادی کو اپنی ذمہ داری سمجھنے لگے تو اس کی زندگی کا مقصد بدل جاتا ہے۔ پھر وہ صرف اپنے لیے نہیں جیتا؛ وہ ایک ایسے خواب کے لیے جیتا ہے جس میں اس کی پوری قوم کا مستقبل سانس لیتا ہے۔
میں نے اس ڈائری کے اوراق میں ایک ایسے شعور کی جھلک دیکھی جو انسان کو اپنی ذات کی محدود سرحدوں سے نکال کر اجتماعی درد کی وسعتوں تک لے جاتا ہے۔ مجھے محسوس ہوا کہ وطن سے محبت محض اس کی مٹی کو چومنے، اس کے پرچم کو لہرانے یا اس کے نام پر نعرے لگانے کا نام نہیں؛ وطن سے محبت تو اس وقت اپنی اصل معنویت حاصل کرتی ہے جب کوئی انسان اس سرزمین کے دکھ کو اپنے دل میں جگہ دے، آزادی کے لیے کھڑا ہو، اور اپنے مفاد سے بڑھ کر اپنے لوگوں کے مستقبل کو اہمیت دے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں محبت ایک جذبے سے بڑھ کر عہد بن جاتی ہے، اور عہد انسان کی پوری زندگی کا راستہ متعین کر دیتا ہے۔
اور پھر میں تمہیں یاد کرتی ہوں، دُرک جان۔ تم میرے
لیے اب محض ماضی کا ایک نام نہیں، بلکہ ایک ایسا سوال ہو جو ہر گزرتے دن کے ساتھ میرے ضمیر پر دستک دیتا ہے: آخر انسان اپنی زندگی کو کس مقصد کے لیے وقف کرتا ہے۔؟ تم نے اپنی زندگی وطن کے نام کر دی، اور اپنی آخری سانس کے ساتھ ایک ایسا خلا چھوڑ گئے جسے وقت بھی مکمل طور پر پُر نہیں کر سکتا ہے۔ تمہاری جدائی میرے لیے ایک ذاتی سانحہ ہے، مگر تمہاری قربانی مجھے اس ذاتی غم سے آگے دیکھنے پر مجبور کرتی ہے۔ تمہاری یاد مجھے بتاتی ہے کہ بعض زندگیاں اپنی مدت سے نہیں، اپنے مقصد سے پہچانی جاتی ہیں؛ اور بعض لوگ دنیا سے رخصت ہو کر بھی اپنے پیچھے ایسی روشنی چھوڑ جاتے ہیں جسے موت کی تاریکی بجھا نہیں سکتی ہے۔
شہادت کے بعد سب کچھ بظاہر اپنی جگہ موجود رہتا ہے؛ گلیاں وہی، راستے وہی، موسم وہی، اور آسمان بھی وہی رہتا ہے، مگر کسی ایک شخص کی عدم موجودگی پوری دنیا کا مفہوم بدل دیتی ہے۔ تمہاری آواز اب میرے کانوں تک نہیں پہنچتی، مگر تمہاری یاد میرے اندر بولتی رہتی ہے۔ تمہارا وجود اب میری نگاہوں کے سامنے نہیں، مگر تمہاری قربانی میرے شعور میں ایک زندہ حقیقت بن کر موجود ہے۔ شاید یہی شہادت کا سب سے دردناک اور سب سے روشن پہلو ہے کہ ایک انسان کی جدائی بے شمار لوگوں کے دلوں میں سوال، حوصلہ، ذمہ داری اور امید پیدا کر سکتی ہے۔ تم چلے گئے، مگر تمہارے جانے نے مجھے آزادی اور وطن سے محبت کے معنی پہلے سے کہیں زیادہ گہرائی سے سمجھنے پر مجبور کر دیا ہے۔
چی گویرا کی ڈائری سے متاثر ہو کر میں یہ لکھ رہی ہوں کہ انقلاب کی اصل روح صرف اقتدار کی تبدیلی میں نہیں، بلکہ انسان کے اندر پیدا ہونے والی اخلاقی تبدیلی میں بھی پوشیدہ ہے۔ اگر کسی قوم کو اپنے شہیدوں کی قربانی کا حق ادا کرنا ہے تو اسے صرف ان کی تصویروں پر پھول چڑھانے کے بجائے ان کے خوابوں کے مفہوم کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انصاف، انسانی وقار، آزادی، علم اور اجتماعی بھلائی وہ اقدار ہیں جن کے بغیر کسی قربانی کی معنویت ادھوری رہ جاتی ہے۔ شہیدوں کی یاد کو زندہ رکھنے کا ایک راستہ یہ بھی ہے کہ ہم اس معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں جہاں انسان کی جان قیمتی ہو، اور کسی کے خواب کو محض اس کی بے بسی کی وجہ سے کچلا نہ جا سکے۔
دُرک جان، تمہاری قربانی میری تحریر کا موضوع ضرور ہے، مگر تمہاری یاد میرے لیے محض الفاظ کا معاملہ نہیں ہے۔ میں تمہیں یاد کرتے ہوئے لکھتا ہوں، تمہیں سوچتے ہوئے سوال کرتا ہوں، اور تمہاری جدائی کے درمیان یہ سمجھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ ایک انسان اپنی سرزمین سے محبت کو کس طرح اپنی زندگی کا سب سے گہرا عہد بنا سکتا ہے۔ شاید میں تمہارے جانے کے درد کو کبھی پوری طرح بیان نہ کر سکوں، کیونکہ بعض دکھ زبان سے بڑے اور بعض یادیں تحریر سے زیادہ وسیع ہوتی ہیں۔ پھر بھی میں لکھوں گا، تاکہ تمہارا نام صرف ایک تاریخ کے حاشیے میں نہ رہ جائے؛ تاکہ آنے والے لوگ جان سکیں کہ اس سرزمین کی تاریخ صرف واقعات سے نہیں، بلکہ ان انسانوں کی محبت، امیدوں، خوابوں اور قربانیوں سے بھی بنی ہے جنہوں نے اس کے مستقبل کو اپنے لیے عزیز سمجھا ہے۔
شہیدوں کو یاد کرنا ماضی کے سامنے سر جھکانا ہی نہیں، مستقبل کے سامنے ایک ذمہ داری قبول کرنا بھی ہے۔ زندگی بھی کتنی عجیب ہے؛ کبھی اپنے پورے جوبن پر کھڑی بہار اچانک خزاں کی زد میں آ جاتی ہے، اور کبھی خزاں کی خاموشی میں کوئی ایسا بیج دفن ہو جاتا ہے جس سے آنے والی صدیوں کی بہار جنم لیتی ہے۔ میں جب ’’خزاں میں بہار‘‘ کے عنوان پر غور کرتا ہوں تو میرے سامنے تمہاری تصویر ابھرتی ہے، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ تمہاری رخصتی بھی ایک ایسی خزاں تھی جس نے میرے دل کے تمام موسم بدل دیے، مگر تمہارے لہو نے امید کی ایک ایسی فصل کا خواب بھی چھوڑا جو شاید تمہاری آنکھوں نے مکمل ہوتے نہ دیکھا ہو، لیکن آنے والی نسلیں جس کے سائے میں زندگی گزار سکتی ہیں۔ تمہارے جانے سے ایک گھر کی روشنی بجھ گئی، مگر تمہاری یاد نے بے شمار دلوں میں ایک چراغ روشن کر دیا۔ یہی تو خزاں میں بہار ہے؛ ایک وجود کا رخصت ہو جانا، مگر اس کے خوابوں کا نئی زندگیوں میں سانس لیتے رہنا۔
بہار محض پھولوں کے کھلنے، درختوں کے سرسبز ہونے یا موسم کے خوش گوار ہو جانے کا نام نہیں ہے؛ بہار اس امید کا نام بھی ہے جو اندھیری رات کے باوجود صبح پر یقین رکھتی ہے۔ میرے لیے بہار تمہارے لہو سے وابستہ اس خواب کی علامت ہے جس میں وطن کے بچے خوف کے بجائے امن میں آنکھ کھولیں، ماؤں کی گودیں جدائی کے بجائے مسکراہٹوں سے آباد ہوں اور آنے والی نسلیں اپنے مستقبل کو جنگ، نفرت اور محرومی کے سائے میں نہیں بلکہ علم، محبت اور آزادی کی روشنی میں تعمیر کریں۔ اگر تمہاری قربانی کا کوئی ایسا پھل ہے جو وقت کی حدود سے آگے تک پہنچ سکتا ہے، تو وہ یہی ہے کہ تمہارے بعد آنے والے لوگ ایک بہتر دنیا کا خواب دیکھنے اور اسے حقیقت بنانے کا حوصلہ پائیں۔ تمہارے لہو کی سرخی میرے تصور میں بہار کے پہلے پھول کا رنگ بن جاتی ہے؛ ایک ایسا پھول جس کی پنکھڑیوں پر محبت لکھی ہو، جس کی خوشبو میں امن بسا ہو، اور جس کی جڑوں میں آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی امید موجود ہو۔
دُرک جان، تم نے اپنے حصے کی زندگی وطن کے نام کر دی، مگر تمہاری یاد نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ قربانی کا مفہوم صرف کسی عظیم مقصد کے لیے اپنی جان دے دینا نہیں ہے؛ اس مقصد کی روشنی کو زندہ رکھنا بھی ایک ذمہ داری ہے۔ شہیدوں کے خواب تبھی بہار بنتے ہیں جب ان کے بعد زندہ رہنے والے لوگ نفرت کے بجائے محبت، انتقام کے بجائے انصاف، اور تباہی کے بجائے تعمیر کا راستہ اختیار کریں۔ تمہاری قربانی مجھے ایک ایسے وطن کا تصور دیتی ہے جہاں کسی بچے کو اپنے باپ کی جدائی کا دکھ نہ سہنا پڑے، جہاں کسی ماں کی آنکھیں اپنے بیٹے کی واپسی کے انتظار میں پتھر نہ ہو جائیں، اور جہاں کسی محبوب کی یاد کو ہر سال ایک ایسے دن نہ سمیٹنا پڑے جو اس کی پوری زندگی کا سب سے گہرا زخم بن چکا ہو۔ میں چاہتا ہوں کہ تمہارے نام سے وابستہ بہار صرف یادگاروں اور تقریبات میں نہ کھلے، بلکہ لوگوں کے کردار، ان کے رویوں اور ان کے باہمی تعلقات میں بھی پھول بن کر مہکے۔
خزاں کا اپنا ایک المیہ ہے؛ وہ شاخوں سے پتے جدا کرتی ہے، درختوں کو خاموش کر دیتی ہے اور زمین کو بظاہر بے رنگ بنا دیتی ہے۔ مگر زمین کے اندر زندگی اپنا سفر جاری رکھتی ہے۔ شاید شہادت کی یاد بھی ایسی ہی ہے۔ باہر سے دیکھنے والا صرف ایک رخصت، ایک قبر، ایک تصویر یا ایک خاموش یادگار دیکھتا ہے، لیکن اس یاد کے اندر ایک پوری دنیا آباد ہوتی ہے: ادھورے خواب، بے شمار سوال، آنسوؤں میں بھیگی آنکھیں اور ایک ایسے مستقبل کی خواہش جس میں قربانی کا جواب مزید درد نہ ہو، بلکہ امن ہو۔ تمہاری جدائی میرے لیے خزاں ہے، مگر تمہاری یاد سے وابستہ امید میری بہار ہے۔ میں تمہارے جانے کے دکھ کو چھپا نہیں سکتا، نہ ہی تمہاری کمی کو کسی خوبصورت استعارے میں مکمل طور پر بدل سکتا ہوں؛ لیکن میں یہ ضرور چاہتا ہوں کہ تمہاری یاد ہمیں زندگی کی قدر کرنا سکھائے، تاکہ کسی شہید کی قربانی کا ذکر کرتے ہوئے ہم ان زندہ انسانوں کی حفاظت اور خوش حالی کو بھی اپنا فرض سمجھیں جن کے مستقبل کے لیے قربانیاں دی جاتی ہیں۔
چیخوف کی کتاب خزاں میں بہار کا عنوان میرے لیے ایک مختلف مگر گہرا استعارہ بن گیا ہے: کیا خزاں کے بعد بہار صرف فطرت میں آتی ہے، یا انسان اپنے دکھ سے بھی کوئی ایسی امید پیدا کر سکتا ہے جو دوسروں کی زندگیوں کو روشن کر دے۔؟ میرے نزدیک اس سوال کا جواب تمہاری یاد میں پوشیدہ ہے۔ تمہاری قربانی کا احترام اسی وقت مکمل ہوگا جب تمہارے نام پر نفرت کے نئے موسم پیدا کرنے کے بجائے محبت کے نئے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔
یومِ شہداء پر تمہیں یاد کرتے ہوئے صرف ماضی کا ماتم نہیں کرنا چاہتا؛ میں اس مستقبل کی بات بھی کرنا چاہتا ہوں جس کے لیے تمہاری زندگی میرے لیے ایک ابدی یاد بن گئی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ آنے والی نسلیں تمہارا نام سنیں تو ان کے دل میں صرف تمھارے شہید ہونے کا درد نہ جاگے، بلکہ وطن کی دفاع، وطن کی خاطر جنگ، اور آزادی کی لئے جدوجہد کرنے کا حوصلہ اور جذبہ بھی پیدا ہو۔ وہ جانیں کہ بہادری کا ایک چہرہ قربانی ہے اور قربانی وہی شخص دے سکتا ہے جس کے خون میں زمین کی لئے وفاداری ہو۔ یہی وہ بہار ہے جسے کسی موسم کا محتاج نہیں ہونا چاہیے؛ ایک ایسی بہار جو ہر نسل کے دل میں نئے خواب اگائے اور ہر آنے والے کل کو گزشتہ کل سے زیادہ روشن بنانے کی ترغیب دے۔
دُرک جان، تم واپس نہیں آؤ گے اور شاید میری زندگی کا کوئی موسم تمہاری کمی کو مکمل طور پر مٹا نہ سکے؛ مگر یہ میری ایمان ہے کہ تمہاری قربانی کی یاد سے ایسی بہار جنم لے گا جو کبھی کسی کے لیے خزاں نہ ھوگا۔ تمہارے نام پر کھلنے والے پھول نفرت کی آگ نہیں بلکہ آزادی اور خوشگوار زندگی کی خوشبو پھیلائیں، تمہاری یاد میں بہنے والے آنسو مایوسی نہیں، زمین کی لئے محبت پیدا کریں اور تمہاری داستان سننے والے بچے ایک ایسے وطن کا خواب دیکھیں جہاں بہادری کا سب سے خوبصورت ثمر زندگی ہو، آزادی ہو، اور وہ روشن مستقبل ہو جس میں ہر انسان اپنے کل سے خوف زدہ ہوئے بغیر جی سکے۔
شاید یہی ’’خزاں میں بہار‘‘ کا وہ مفہوم ہے جسے میں تمہاری یاد کے ساتھ وابستہ کرنا چاہتا ہوں: ایک ایسی بہار جو کسی کے بچھڑنے کی خوشی نہیں، بلکہ اس کی قربانی سے وابستہ امید کی علامت ہو؛ ایک ایسا پھول جو جنگ زدہ زمین پر کھلے، مگر اپنی خوشبو میں محبت، وفا اور عزم کا پیغام لیے ہوئے ہو۔ تمہاری یاد میرے دل میں ہمیشہ رہے گی، لیکن میری سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ تمہارے نام سے وابستہ بہار صرف میرے دل تک محدود نہ رہے۔ وہ آنے والی نسلوں کی آنکھوں میں خواب بن کر اترے۔
کیا کبھی کسی قوم نے اپنے شہیدوں کو کھو کر بھی اُنہیں کھونے سے انکار کیا ہے۔؟ کیا کبھی کسی ماں نے اپنے جگر کے ٹکڑے کو مٹی کے حوالے کرتے ہوئے بھی اُس کے خوابوں کو اپنی آنکھوں میں زندہ رکھا ہے۔؟ اور کیا کبھی کسی سرزمین نے اپنے بیٹوں کی جدائی کو اس طرح اپنے وجود میں سمویا ہے کہ اُن کی خاموشی بھی آنے والی نسلوں کے لیے ایک صدا بن جائے۔؟ یومِ شہداء محض ایک دن کا نام نہیں ہے بلکہ یہ اُن ادھورے خوابوں، خاموش ماؤں، انتظار کرتی آنکھوں اور اُن داستانوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہیں موت بھی تاریخ کے صفحات سے مٹا نہ سکی ہے۔ یہ دن ہمیں اُن لوگوں کے سامنے لا کھڑا کرتا ہے جنہوں نے اپنی زندگیوں سے کہیں بڑا خواب دیکھا، اپنی ذات سے آگے بڑھ کر اپنی قوم کے مستقبل کا تصور دیا اور اپنے پیچھے ایسے سوال چھوڑ گئے جن کے جواب وقت گزرنے کے ساتھ مزید گہرے ہوتے جاتے ہیں۔
دُرک جان! میں یومِ شہداء تمہارے نام کرتی ہوں۔ اس دن کی عظمت میرے دل میں ہمیشہ سے رہی ہے۔ جب ہم شہیدوں کو یاد کرتے تھے، اُن کے خوابوں کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتے تھے، اُن کے لہو سے لکھی گئی تاریخ کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے اور اُن کی ادھوری جدوجہد کو آگے بڑھانے کی بات کرتے تھے، تو میرے لیے یہ سب محض یاد کرنے یا چند لفظ لکھ دینے تک محدود نہیں تھا۔ مگر دُرک جان، اس دن کو میرے لیے ہمیشہ کے لیے ایک الگ معنی دینے والے تم ہو۔ اب جب بھی یومِ شہداء کا خیال میرے ذہن میں آئے گا، میرے دل کی پہلی تصویر تمہارا ہوگا، تمہارا مسکراتا ہوا چہرہ، تمہارے آنکھوں میں پلتے خواب اور تمہاری وہ ہنسی، جسے میں نے کبھی یہ سوچ کر نہیں دیکھی تھی کہ ایک دن یہی ہنسی صرف میری یادوں میں زندہ رہ جائے گی۔ شاید کچھ دن تقویم پر درج ہوتے ہیں، مگر کچھ لوگ اُن دنوں کو ہماری زندگی کا حصہ بنا دیتے ہیں۔ تم نے بھی میرے لیے اس دن کو محض شہیدوں کی یاد کا دن نہیں رہنے دیا بلکہ تم نے اسے اپنا یاد، اپنی جدائی اور میرے اندر ہمیشہ زندہ رہنے والے ایک سوال سے جوڑ دیا ہے۔
مجھے اکثر یہ خیال آتا ہے کہ اپنے لوگوں کو کھو دینے کے بعد ہمارے اندر ایک گہرا خلا کیوں پیدا ہو جاتا ہے؛ ایسا خلا جسے نہ وقت پوری طرح بھر سکتا ہے، نہ لفظ بیان کر سکتے ہیں اور نہ ہی یادیں اس کی شدت کم کر سکتی ہیں۔ شہیدوں کا دن ہر سال آتا ہے، لوگ ہر روز اپنے پیاروں کو کھوتے ہیں، جنگ کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے اور بلوچستان کی وادیوں میں آئے دن گولیوں کی آوازیں گونجتی ہیں۔ کہیں ایک ماں اپنے بیٹے کی راہ دیکھتے دیکھتے تھک جاتی ہے، کہیں ایک بہن اپنے بھائی کی واپسی کی امید لیے دروازے کی طرف دیکھتی ہے اور کہیں کسی گھر کی رونق اچانک خاموشی میں بدل جاتی ہے۔ ہم یہ سب پڑھتے ہیں، سنتے ہیں، ان واقعات پر بات کرتے ہیں اور اپنے اپنے انداز میں ان کے دکھ کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن شاید بعض درد ایسے ہوتے ہیں جن کی اصل گہرائی تک پہنچنے کے لیے انسان کو خود کسی اپنے کی جدائی سے گزرنا پڑتا ہے۔ جب تک آگ اپنے دامن تک نہ پہنچے، اس کی تپش کا اندازہ محض فاصلے سے لگانا آسان ہوتا ہے۔ مجھے اس درد کی شدت کا اندازہ اُس دن ہوا دُرک جان، جس دن تم شہید ہوئے۔
اس سے پہلے جنگ میرے لیے ایک ایسی حقیقت تھی جس کے بارے میں جانتی تو بہت کچھ تھی، مگر جس کی ہولناکی کو اپنے وجود میں محسوس نہیں کیا تھا۔ میں سوچتی تھی کہ آزادی کی جنگ ہے اور یہاں جدائی ممکن ہے، شہادت بھی، جلاوطنی بھی اور زندگی کے معمولات کا ہمیشہ کے لیے بدل جانا بھی لیکن میں ان سب باتوں کو سمجھنے کا گماں رکھتی تھی مگر تمہارے جانے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ کسی حقیقت کے بارے میں جاننا اور اُس حقیقت کو اپنی زندگی میں جھیلنا دو بالکل مختلف تجربے ہیں۔ تمہارے شہادت نے میرے لیے جنگ کو کتابوں کے صفحات، تحریروں کے استعاروں اور بحثوں کے موضوعات سے نکال کر میری اپنی زندگی کے اندر لا کھڑا کیا۔ اب یہ میرے لیے محض ایک لفظ نہیں رہا بلکہ یہ تمہاری غیر موجودگی ہے، وہ باتیں ہیں جو ادھوری رہ گئیں، وہ خواب ہیں جن کا ذکر تم سے کرنا تھا، اور وہ بے شمار لمحے ہیں جن میں دل بے اختیار تمہیں یاد کرتا ہے۔ کبھی کبھی مجھے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے میں نے جنگ کے بارے میں بہت کچھ پڑھا تھا، لیکن اُس کی ایک ایسی حقیقت سے ناواقف تھی جسے صرف کسی اپنے کو کھونے کے بعد ہی سمجھا جا سکتا ہے۔
جانتے ہو دُرک جان، اب مجھے جنگ سے ڈر کیوں لگتا ہے۔؟ اس لیے نہیں کہ میں اپنے لوگوں کے دکھ سے نظریں چرانا چاہتی ہوں، نہ اس لیے کہ میں اُن خوابوں کی اہمیت سے انکار کرتی ہوں جن کے لیے لوگ اپنی زندگیاں قربان کر دیتے ہیں بلکہ اس لیے کہ تمہیں کھونے کے بعد میں اُس درد سے واقف ہو گئی ہوں جسے کسی دوسرے انسان کے حصے میں آتا دیکھنے کا تصور بھی مجھے بے چین کر دیتا ہے۔ میں نہیں چاہتی کہ کوئی اور میری طرح کسی اپنے کی یاد کو اپنی روزمرہ زندگی کا سب سے بھاری حصہ بنا کر اٹھائے۔ کوئی انسان اس انتظار سے گزرے جس کا اختتام کسی ملاقات پر نہ ہو، اور نہ کوئی اُن باتوں کو یاد کرکے خاموش ہو جائے جو کبھی ہنستے ہوئے کی جاتی تھیں۔ نہ کوئی اس سوال کے ساتھ جیتا رہے کہ اگر وہ شخص آج موجود ہوتا تو زندگی کتنی مختلف ہوتی۔ تمہارے جانے نے مجھے یہ سمجھایا کہ کسی نظریے، کسی جدوجہد یا کسی تاریخی واقعے پر بات کرنا ایک بات ہے، مگر اُس کے انسانی نتائج کے ساتھ جینا بالکل دوسری بات ہے۔ میرے لیے اب جنگ کے ذکر کے پیچھے صرف تاریخ نہیں، انسان بھی ہیں، صرف واقعات نہیں، گھر بھی ہیں، صرف نام نہیں بلکہ اُن ناموں سے جڑی ماؤں، بہنوں، دوستوں اور محبوبوں کی زندگیاں بھی ہیں۔
جنگ کو دور سے دیکھتے ہوئے کبھی کبھی ہم اسے بڑے بڑے الفاظ میں بیان کرنے لگتے ہیں۔ کتابوں میں اس کے اسباب تلاش کرتے ہیں، تحریروں میں اس کے معنی دریافت کرتے ہیں اور بحثوں میں اس کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہیں۔ مگر جنگ کی اصل انسانی قیمت ان لفظوں سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور کرب ناک ہے۔ وہ کسی کی زندگی سے صرف ایک شخص نہیں چھینتی، اپنے پیچھے رہ جانے والوں کی زندگیوں میں بھی ایک ایسی تبدیلی چھوڑ جاتی ہے جسے وقت کے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر سمجھنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ ایک شخص چلا جاتا ہے، مگر اُس کے ساتھ وابستہ یادیں، عادتیں، باتیں اور مستقبل کے منصوبے باقی رہ جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب جب میں جنگ کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے ذہن میں صرف بڑے واقعات نہیں آتے، مجھے اُن چھوٹے چھوٹے لمحوں کا خیال آتا ہے جن کی قدر انسان کو اکثر اُن کے گزر جانے کے بعد معلوم ہوتی ہے۔ تمہاری یاد نے مجھے جنگ کی اسی انسانی حقیقت سے آشنا کیا ہے، جاناں؛ ایک ایسی حقیقت جسے بیان کرتے ہوئے لفظ اکثر کم پڑ جاتے ہیں۔
اسی خیال کے ساتھ مجھے ایک فلسفیانہ بات یاد آتی ہے کہ جنگ کو سب سے زیادہ اس کی قیمت چکانے والے لوگ ناپسند کرتے ہیں—وہ مائیں جن کی گودیں خالی ہو جاتی ہیں، وہ محبوب جن کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں اور وہ گھر جن کی رونق کسی ایک جدائی کے بعد پہلے جیسی نہیں رہتی ہے۔ شاید اسی لیے جنگ کے بارے میں ہر گفتگو میں ہمیں اُن لوگوں کی خاموشی بھی سنی چاہیے جو اس کے نتائج کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں کیونکہ جنگ کا ذکر صرف میدانوں، نظریات اور تاریخ تک محدود نہیں بلکہ اس کا ایک حصہ اُن دلوں میں بھی رہتا ہے جو اپنے کسی عزیز کی یاد کے ساتھ ہر دن گزارتے ہیں۔
13 نومبر ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ شہداء کو کسی تقسیم، امتیاز یا درجہ بندی میں نہیں بانٹنا چاہیے۔ اُن کی قربانیاں کسی ذات، رنگ، خاندان یا انفرادی شناخت کی میراث نہیں بلکہ اُس سرزمین اور اُس کے لوگوں کے مستقبل سے وابستہ ایک ایسی تاریخ کا حصہ ہیں جس میں ہر شہید کا اپنا مقام ہے۔ وہ سب ایک ہی صف میں کھڑے ہیں، نہ کسی شہید کی قربانی کسی دوسرے کی قربانی سے بڑا ہے، نہ کسی خاندان کی شناخت کسی دوسرے شہید کی جدوجہد سے زیادہ اہم ہے۔ اُنہیں یاد کرنے کا معیار اُن کی ذات یا خاندانی نسبت نہیں بلکہ اُن کی جدوجہد، اُن کی استقامت، اُن کی برداشت اور اُس سرزمین کے لیے اُن کی وابستگی ہونی چاہیے جس کے مستقبل کی خاطر انہوں نے اپنی ذاتی خواہشات، خوابوں اور زندگی کو قربان کردیا ہے۔
شہداء کو یاد کرنے کا مطلب صرف اُن کا نام دہرانا یا اُن کی تصویروں پر پھول چڑھانا نہیں بلکہ اُن کی مقصد کو سمجھنا بھی ہے۔ اُن دنوں کو یاد کرنا ہے جب انہوں نے سردی اور گرمی کی شدت برداشت کی، اپنے گھر اور اپنوں سے دوری جھیلی، اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈالا اور اپنی ذاتی زندگی کے بہت سے خواب ادھورے چھوڑ دیے۔ اُن کی جدوجہد کو یاد کرنے کا مطلب اُن تمام انسانی تجربات کو تسلیم کرنا ہے جو اُن کی زندگیوں کا حصہ رہے، وہ مشقتیں، وہ محرومیاں، وہ جدائیاں اور وہ فیصلے جن کے پیچھے اُن کے اپنے تصورات اور خواب تھے۔ اگر ہم شہداء کو صرف اُن کی موت کے حوالے سے یاد کریں گے تو اُن کی زندگیوں کی معنویت کا ایک بڑا حصہ ہماری نظروں سے اوجھل ہو جائے گا۔ ہمیں اُن کے گزرے ہوئے سفر، اُن کی جدوجہد اور اُن تصورات پر بھی توجہ دینی ہوگی جنہیں وہ اپنے پیچھے آنے والوں کے لیے چھوڑ گئے ہیں۔
مجھے آج بھی آھوگ گُل کی وہ بات یاد ہے جو انہوں نے اُس وقت کہی تھی جب میں نے ایک شہید کی تصویر لگائی تھی، جو رشتے میں میرا کزن تھا۔ اُن کے الفاظ آج تک میرے ذہن میں محفوظ ہیں۔ انہوں نے مجھ سے ایک نہایت خوبصورت سوال کیا تھا: ”شہیدوں کو ہم تقسیم کیوں کریں۔؟ تیرا شہید، میرا شہید، سب کا شہید۔“ شاید اس ایک جملے میں شہداء کو یاد کرنے کا ایک بنیادی فلسفہ پوشیدہ ہے، اُنہیں ذاتی نسبتوں، خاندانی تعلقات اور محدود شناختوں سے بلند ہو کر دیکھنا ہوگا۔ کسی شہید کی یاد صرف اُس کے خاندان کی ذمہ داری نہیں ہے اور نہ ہی کسی کی قربانی کو اُس کے رشتوں کی بنیاد پر زیادہ یا کم اہمیت دی جا سکتی ہے۔ شہید کی یاد کو تقسیم کر دینے سے ہم اُن مشترکہ انسانی اقدار کو محدود کر دیتے ہیں جن کے حوالے سے ہم اُن زندگیوں کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمیں شہداء کی جدوجہد کو یاد رکھنا ہوگا، اُن کے لہو کی حرمت کو سمجھنا ہوگا اور اُن کے فیصلوں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔ اُن کے ادھورے مقصد، خوابوں اور زمین کی آزادی کے لئے جنگ کو منظم کرنا ہوگا، تاکہ اُن کی زندگیوں کی معنویت محض ماضی کی یاد بن کر نہ رہ جائے۔ اُن کے لیے غم محسوس کرنا ایک فطری انسانی کیفیت ہے، مگر یاد کا دائرہ صرف غم تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ کسی کے چلے جانے کا دکھ اپنی جگہ، لیکن اُس کی زندگی کو سمجھنا، اُس کی جدوجہد پر غور کرنا اور اُن کے پیچھے رہ جانے والے ادھورے مشنز کو پورا کرنا بھی ضروری ہے۔ یاد کو محض سوگ میں محدود کر دینے کے بجائے اُسے شعور، مطالعے اور فکری مکالمے کا حصہ بنانا ہوگا کیونکہ کسی انسان کی زندگی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ہم اُس کے افکار اور اُس کی جدوجہد کو سطحی نعروں کے بجائے سنجیدہ فہم کے ساتھ دیکھیں۔
دُرک جان، یہ درست ہے کہ میں آج کا دن تمہارے نام لکھ رہی ہوں، مگر تم محض ایک فرد نہیں ہو جسے میں اپنی ذاتی یادوں میں محفوظ رکھنا چاہتی ہوں۔ تمہارے یاد میرے لیے اُن بے شمار سوالوں، خوابوں اور انسانی تجربات سے جڑ گئی ہے جنہیں میں سمجھنے اور لفظوں میں بیان کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ تمہیں یاد کرنا میرے لیے صرف تمہارا غیر موجودگی کا اعتراف نہیں، بلکہ اُس زندگی پر غور کرنا بھی ہے جو تم نے گزاری، اُن خوابوں کو سمجھنا بھی ہے جن کا تم ذکر کرتے تھے، اور اُن امکانات کے بارے میں سوچنا بھی ہے جو تمہارے ساتھ ادھورے رہ گئے۔
شاید جب کسی انسان کی یاد اُس کی ذات اور اُس کے ذاتی تعلقات کی حدود سے نکل کر اجتماعی شعور کا حصہ بننے لگتے ہے، تو اُس کی معنویت ایک نئی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ انسان فانی ہے، اُس کی زندگی ایک دن اپنے اختتام کو پہنچتی ہے، مگر اُس کے خیالات، تحریریں، اور اُس سے وابستہ تجربات دوسروں کے ذہنوں میں نئے معنی پیدا کرتے رہیں گے۔ نظریات بھی جامد نہیں رہتے بلکہ وقت، حالات اور نئی نسلوں کے سوالات کے ساتھ اُن کی تعبیر بدلتی رہتی ہے۔ اسی لیے کسی انسان کو یاد رکھنے کا مطلب اُس کی ذات کو ایک ناقابلِ تغیر علامت بنا دینا نہیں بلکہ اُس کی زندگی اور افکار کو سمجھتے ہوئے اُن پر سوال اٹھانے، اُن سے سیکھنے اور اُن کے انسانی پہلوؤں کو زندہ رکھنے کی کوشش کرنا ہے۔
دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔











































