لہو کی امانت، وقت کے نام ایک سوال
تحریر: زِرنود بلوچ
دی بلوچستان پوسٹ
کسی قوم کی تاریخ میں کچھ لہو ایسے سوال چھوڑ جاتے ہیں جن کا جواب وقت بھی نہیں دے پاتا۔ کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جو محض نام نہیں رہتے بلکہ ایک پورے عہد کی گواہی بن جاتے ہیں۔ کچھ قبریں ایسی ہوتی ہیں جن کے کتبے خاموش ہوتے ہیں مگر ان کے پیچھے چھپی داستانیں ایک پوری قوم کی اجتماعی یادداشت سے مخاطب رہتی ہیں۔ اور کچھ دن ایسے ہوتے ہیں جو ہمیں صرف ماضی کی طرف نہیں لے جاتے، بلکہ ہمارے حال کو کٹہرے میں کھڑا کر دیتے ہیں۔
بلوچ شہداء کا دن ایسا ہی ایک دن ہے۔
یہ دن محض چند نام دہرانے، تصویروں پر پھول چڑھانے اور رسمی الفاظ لکھنے کے لیے نہیں۔ یہ دن اس سوال کا سامنا کرنے کے لیے ہے کہ جن زندگیوں کو ہم اپنی تاریخ کا حصہ کہتے ہیں، کیا ہم نے واقعی ان کی تاریخ کو سمجھا بھی ہے؟ جن قربانیوں کا ذکر کرتے ہیں، کیا ہم ان کے پس منظر، ان کے اسباب اور ان سے جڑے سوالات پر غور کرتے ہیں؟ جن ناموں کو اپنے اجتماعی حافظے میں محفوظ رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں، کیا ہم ان کے بارے میں سچائی کو بھی محفوظ رکھتے ہیں؟
میرے نزدیک وطن کے لیے بہنے والا ہر قطرۂ لہو ایک امانت ہے اور ہم اس امانت کے قرض دار ہیں۔ ہمارے شہداء نے جس راستے کا انتخاب کیا، جس نظریے اور خواب کے لیے اپنی زندگیاں قربان کیں، ہمیں اُن کے دکھائے ہوئے راستے اور اُن کے نظریے کو سمجھنا ہوگا۔ شہداء کو صرف یاد کرنا کافی نہیں بلکہ اُن کی قربانیوں کو اپنی سوچ اور عمل میں زندہ رکھنا بھی ضروری ہے۔
اور جب میں آنے والی نسلوں کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے ذہن میں ایک ہی سوال آتا ہے کہ ہم اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے آج کیا کر رہے ہیں؟ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آنے والی نسلیں ایک محفوظ، باوقار اور پُرامن مستقبل میں سانس لیں تو ہمیں آج اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا اور قربانی و جدوجہد کا راستہ اپنانا ہوگا۔
ہم اپنی قوم کے شہداء کے لہو کے قرض دار ہیں۔ اس وطن کے لیے بہنے والا ہر قطرہ خون ہم سے سوال کرتا ہے کہ ہم نے اُن کی قربانیوں سے کیا سبق سیکھا؟ کیا ہم صرف اُنہیں یاد کر کے اپنی ذمہ داری پوری سمجھتے ہیں یا اُن کے نظریے، اُن کے خواب اور اُن کی جدوجہد کو اپنی زندگی کا حصہ بھی بناتے ہیں؟
ہمیں اپنی قوم کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل، اپنی سرزمین کی شناخت اور اپنے قومی وجود کے تحفظ کے لیے شعور، قلم، اتحاد اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
کیونکہ شہداء کا قرض صرف الفاظ سے ادا نہیں ہوتا۔ اُن کی قربانیوں کو یاد رکھنا، اُن کے خوابوں کو زندہ رکھنا اور اپنی قوم کے مستقبل کے لیے ذمہ داری نبھانا ہی ہماری اصل امانت ہے۔ تاریخ ہم سے یہ سوال ضرور کرے گی کہ جن لوگوں نے اپنا آج قربان کیا، ہم نے اُن کے کل کے لیے کیا کیا؟
ہمارے شہداء نے اپنا آج دے کر ہماری تاریخ لکھ دی ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے خوابوں کو آنے والے کل تک زندہ رکھیں۔ ان کا لہو ہماری امانت ہے اور یہ امانت کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی۔
دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔












































