بلوچستان کے ضلع گوادر اور کیچ میں فائرنگ اور جبری گمشدگی کے دو مختلف واقعات پیش آئے ہیں، جن میں جیونی کے علاقے پانوان میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی جبکہ کیچ کے علاقے پل آباد سے تین افراد کو جبری طور پر لاپتا کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گوادر کے علاقے جیونی، پانوان میں مقامی ذرائع کے مطابق ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کی فائرنگ سے محمد انور بلوچ زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد انور بلوچ ایک کشتی (کائیکے) کے ناخدا ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل 14 اکتوبر 2026 کو بھی اسی علاقے میں تیل بردار مزدوروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے پل آباد میں فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان کی جانب سے تین افراد کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتا کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاپتا کیے گئے تین افراد میں سے دو کی شناخت عبداللہ ولد راشد اور سلیم ولد غلام قادر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ تیسرے شخص کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔















































