حملے میں 105 ونگ کے کیو آر ایف قافلے کو نشانہ بنایا گیا، حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے دشت میں مسلح افراد نے پاکستانی فوج کی 105 ونگ کے کوئیک ری ایکشن فورس “کیو آر ایف” کے قافلے کو حملے میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حملہ دشت میں کنچیتی کراس کے مقام پر کیا گیا، جس میں سپاہی رحمت اللہ سکنہ لکی مروت اور سپاہی اجمیئر ہلاک جبکہ سپاہی آصف زخمی ہوگیا۔
حکام نے حملے میں اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔
واضح رہے کہ آج ہی بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ٹی آر او کے مقام پر پاکستانی فورسز کے ایک قافلے کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ مستونگ میں سیندک پروجیکٹ سے معدنیات لے جانے والی گاڑیوں اور ان کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
مذکورہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے، تاہم بلوچ لبریشن آرمی اس سے قبل بلوچستان میں ’’معاشی ناکہ بندی‘‘ کا اعلان کرچکی ہے، جس کے بعد بلوچستان کی اہم شاہراہوں پر کنٹرول اور معدنیات سمیت دیگر تجارتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔


















































