بلوچستان کے ہر شہید کے نام
تحریر: شاری بلوچ
دی بلوچستان پوسٹ
جب بھی میں بلوچستان کے شہداء کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے ذہن میں سب سے پہلے یہی خیال آتا ہے کہ اس وطن کے لیے کتنا کچھ قربان کیا گیا ہے۔ کتنے لوگوں نے اپنی زندگیاں دے دیں، کتنے گھر اپنے پیاروں سے خالی ہو گئے اور کتنی ماؤں نے اپنے بیٹوں کو کھو دیا۔ ہر شہید کی اپنی ایک کہانی ہے، اپنا ایک گھر تھا، اپنے خواب تھے، مگر آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں۔
میرے نزدیک وطن کے لیے بہنے والا ہر قطرہ خون بہت قیمتی ہے۔ ہم اپنے شہداء کے لہو کے قرض دار ہیں۔ اُنہوں نے اپنی زندگیوں میں جو کچھ سوچا، جس مقصد اور جس خواب کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، ہمیں اُنہیں صرف یاد نہیں کرنا بلکہ اُن کی قربانیوں کو سمجھنا بھی ہوگا۔ ہمیں اُن کے دکھائے ہوئے راستے سے سبق لینا ہوگا۔ میں اکثر سوچتی ہوں کہ اگر ہم ہی اپنے شہداء کو بھول جائیں گے تو پھر اُن کے نام کون یاد رکھے گا؟
توتک کی اجتماعی قبریں جب میرے سامنے آتی ہیں تو دل میں بہت سے سوال اٹھتے ہیں۔ وہ قبریں آج بھی مجھے یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہیں کہ آخر اُن گمنام انسانوں کے ساتھ کیا ہوا ہوگا؟ اُن کی مائیں آج کس حال میں ہوں گی؟ کیا اُن کے گھر والے آج بھی اُن کی واپسی کا انتظار کرتے ہوں گے؟ اُن قبروں میں دفن ہر انسان کی اپنی ایک شناخت تھی، کوئی نام تھا، کوئی خاندان تھا۔ اُنہیں گمنام چھوڑ دینا اُن کے خاندانوں کے دکھ کو اور بڑھا دیتا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ اُن لوگوں کی شناخت سامنے آئے اور اُن کی کہانیاں بھی ہماری تاریخ میں جگہ پائیں۔
صبر آنہ سلیسک دم سگ آتے خنار اوتا
افلاک آن ملاںک آک دیدار آ دڑار اوتا
میں بلوچستان کے صرف چند مشہور شہداء کی بات نہیں کرنا چاہتی۔ میں بلوچستان کے ہر اُس شہید کو یاد کرنا چاہتی ہوں جس نے اس سرزمین کے لیے اپنی جان دی، چاہے اُس کا نام سب جانتے ہوں یا بہت کم لوگوں کو معلوم ہو، چاہے اُس کا ذکر کتابوں میں ہو یا صرف اُس کے گھر والوں کے دلوں میں۔ میرے نزدیک ہر شہید قابلِ احترام ہے، کسی کی قربانی کو بھلایا نہیں جا سکتا اور نہ ہی کسی شہید کی اہمیت کم ہے۔
میں اُن ماؤں کے بارے میں سوچتی ہوں جنہوں نے اپنے بیٹوں کو کھویا، اُن بہنوں کے بارے میں سوچتی ہوں جن کے بھائی واپس نہیں آئے اور اُن بچوں کے بارے میں سوچتی ہوں جن کے سروں سے باپ کا سایہ اٹھ گیا۔ شاید ہم اُن کے دکھ کو پوری طرح کبھی سمجھ نہ سکیں، لیکن کم از کم اُن کی قربانیوں کو فراموش تو نہیں کرنا چاہیے۔
حق ادائی انت کرو اے انت پارو اے مُرید
سنگتاتا نت تا مش بس سنگتاتا مہ مُرید
میری خواہش ہے کہ آنے والی نسلیں اپنے شہداء کے نام جانیں، اُن کی قربانیوں کے بارے میں پڑھیں اور یہ سمجھیں کہ آج ہم جو کچھ ہیں، اُس کے پیچھے کتنے لوگوں کی قربانیاں شامل ہیں۔ ہمیں اپنی قوم کے لیے ہر طرح سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اپنے قلم سے، اپنی سوچ سے، اپنے شعور سے اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھا کر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آنے والی نسلیں ایک محفوظ اور باوقار مستقبل دیکھیں، لیکن اس کے لیے ہمیں بھی اپنی ذمہ داری سمجھنی ہوگی۔
آخر میں میں بلوچستان کے ہر شہید کو دل سے خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔ اُن تمام شہداء کو جن کے نام ہمیں معلوم ہیں اور اُنہیں بھی جن کے نام آج تک گمنام ہیں۔ میری طرف سے اُن تمام ماؤں، بہنوں اور خاندانوں کو سلام جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا۔
ہم اپنے شہداء کے لہو کے قرض دار ہیں۔ اُنہیں یاد رکھنا، اُن کے نام زندہ رکھنا اور اُن کی قربانیوں کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہمارا فرض ہے۔
دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔












































