بلوچستان کے اضلاع کیچ اور کوہلو میں ایف سی اہلکاروں اور سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ کی فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق، جبکہ خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بل نگور، دشت میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گشتی پارٹی کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔
مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو بھائی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر علاقے سے گزر رہے تھے۔ اسی دوران علاقے میں گشت پر مامور ایف سی اہلکاروں نے ان پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں شاہجہان ولد بابل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے بھائی امام بخش ولد بابل گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد دونوں کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کیا گیا۔ واقعے کے حوالے سے حکام اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
علاوہ ازیں، کوہلو میں ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سرکاری حمایت یافتہ ایک مسلح گروہ کی جانب سے پیش آیا، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔



















































