تجارتی روٹ پر حملوں میں گاڑیاں تباہ، فورسز کو جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات
تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار کے سمبا پل کے مقام پر کوئٹہ کراچی تجارتی روٹ پر مسلح افراد نے تجارتی گاڑیوں کے ایک قافلے اور اس کی سیکیورٹی پر مامور پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے بوزر، کنٹینرز سمیت دیگر گاڑیوں کو راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جبکہ علاقے میں کافی دیر تک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
حملے میں تجارتی گاڑیوں کے تباہ ہونے اور پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ادھر سوراب کے علاقے حاجیکہ میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے قافلے کو حملے کا نشانہ بنایا، جہاں دھماکے میں فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے بعد قافلے پر مسلح حملہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ ان علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور پاکستانی فورسز و تجارتی گاڑیوں کو حملوں کا نشانہ بناتی رہی ہیں، تاہم ان دونوں واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔



















































