نوشکی، خاران: پاکستانی فورسز پر حملے، جانی نقصان کی اطلاعات

1

بلوچستان کے اضلاع نوشکی اور خاران میں پاکستانی فورسز کو مسلح حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ضلع نوشکی کے علاقے احمد وال میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پیدل اہلکاروں اور گاڑیوں کو حملے میں نشانہ بنایا۔

حملے کے نتیجے میں جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ واضح رہے کہ تین روز قبل بھی فورسز کے ایک قافلے کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

علاوہ ازیں، ضلع خاران میں پاکستانی فورسز کی ایک اور گاڑی دھماکے کی زد میں آئی، جس کے نتیجے میں نقصانات کی اطلاعات ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق، علاقے میں بارودی سرنگیں بچھائے جانے کے باعث فورسز کو نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ گزشتہ روز بھی بم دھماکوں اور مسلح حملے میں فورسز کو جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

تاہم، ان تازہ حملوں کے حوالے سے تاحال عسکری حکام کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور سرکاری املاک پر روزانہ کی بنیاد پر حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

مذکورہ علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور ماضی میں بھی پاکستانی فورسز کو تواتر کے ساتھ حملوں کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔ تاہم، تازہ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔