پاکستانی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران گھروں میں داخل ہو کر تلاشی لی، مکینوں کو ہراساں کرنے اور تشدد کا الزام۔
بلوچستان کے شہر سوراب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آج شام سوراب کے علاقوں رودینی اور دمب میں پاکستانی فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے گھروں میں داخل ہو کر تلاشی لی۔
مقامی مکینوں کے مطابق اس دوران فورسز اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی لی، جبکہ مکینوں کو دھمکیاں دینے، زدکوب کرنے اور تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔
تاہم کارروائی کے دوران کسی گرفتاری کی تاحال اطلاع نہیں ملی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز نے سوراب میں اپنے کیمپ کے قریب واقع آبادیوں کے مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا تھا، جبکہ سوراب بازار سے 20 سے زائد شہریوں کو حراست میں لے کر کیمپ منتقل کر دیا گیا تھا۔
مکینوں کا الزام ہے کہ فورسز حکام انہیں اپنے گھروں اور زمینوں سے نکلنے پر مجبور کررہے ہیں۔
ان کے مطابق فوجی آپریشن کے بہانے شہریوں کے گھروں میں داخل ہونے کے علاوہ شہری آبادیوں پر ڈرون حملوں کے بھی متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔
رواں سال اگست میں فوجی بمباری کے نتیجے میں درجنوں شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے، تاہم شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مکینوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔



















































