محکمہ ماہی گیری گوادر کی جانب سے پاکستانی فورسز اور اداروں کی پیشگی اجازت کے بغیر سمندری حدود میں داخل ہونے پر عائد پابندی کے خلاف ماہی گیروں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ان کے روزگار کو شدید نقصان پہنچے گا اور ہزاروں خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہو جائیں گے۔
محکمہ ماہی گیری نے حالیہ عوامی اطلاع میں تمام کشتی مالکان، آپریٹرز اور ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشگی اجازت کے بغیر سمندری حدود میں داخل نہ ہوں۔ محکمہ کے مطابق ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب احتجاج کرنے والے ماہی گیروں نے مؤقف اختیار کیا کہ سمندر ہی ان کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ ہے اور مزید پابندیاں ان کے لیے ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ سیکیورٹی ادارے اس فیصلے پر نظرثانی کریں اور ماہی گیر برادری کو اعتماد میں لے کر ایسا حل نکالا جائے جس سے ان کے معاشی مفادات متاثر نہ ہوں۔
احتجاجی ماہی گیروں نے خبردار کیا کہ اگر پابندی واپس نہ لی گئی یا اس میں نرمی نہ کی گئی تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے۔



















































