کینگی شیھک اور آزادی کا فلسفہ – داد جان بلوچ

1

کینگی شیھک اور آزادی کا فلسفہ

تحریر: داد جان بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ

جیولیس فیوچک نے کہا تھا: ”اگرچہ ہم مر جائیں گے، لیکن تمہاری خوشیوں کے ایک چھوٹے سے حصے میں زندہ رہیں گے، کیونکہ ہم نے اپنی زندگیاں اسی خوشی کے لیے قربان کی ہیں۔“

شاید یہی وہ خواب اور خوشی تھا جس کے لیے ایک ہونہار نوجوان نے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔ اپنی مٹی سے انسان کا رشتہ بہت مضبوط ہوتا ہے۔ سرزمین کا رشتہ انسان کے لیے اتنا ہی پرکشش ہوتا ہے جیسے کسی بچے کا اپنی ماں سے۔

اس مٹی سے جڑی بچپن کی یادیں، اپنے سسکتے محکوم لوگوں کی بے بسی، راسکوہ کا جلتا ہوا بدن، تراتانی میں بارود کے ساتھ جلتے ہوئے پہاڑوں کی دردناک کہانی اور مرگاپ میں شہداء کے مسخ شدہ جسم، یہ سب جدید بلوچ تاریخ کے ساتھ پیوست ہو چکے ہیں۔

جب تاریخی احساس قومی شعور کے ساتھ جڑتا ہے تو وطن محض رہنے کی جگہ نہیں رہتا، بلکہ انسان کی شناخت اور وجود کا حصہ بن جاتا ہے، اور بلوچ ہزاروں سالوں سے اسی وجود کا حصہ ہیں۔

شہید شہیک سلیمان کی زندگی اور جدوجہد میں بھی یہی سوچ نمایاں نظر آتی ہے۔ ان کے نزدیک قومی آزادی کے لیے جدوجہد کٹھن ضرور ہے، مگر سرزمین کے لیے قربانی اسی راستے پر چلنے کا نام ہے۔ شہید شیہک سلیمان جب میہی کی سرزمین پر نئی نوآبادیاتی فوج کے ساتھ لڑائی میں مصروف تھے تو انہوں نے زخمی حالت میں اپنی قوم کے نام آخری پیغام ریکارڈ کروایا:

”ساتھیوں، میں گولی کھا چکا ہوں۔ اگر شہید ہو جاؤں، دشمن سے جنگ چل رہی ہے، بلوچستان اور اس کی آزادی آپ پر فرض ہے۔ آج ساتھیوں نے قربانی دی ہے اور دے رہے ہیں۔ ان قربانیوں کو ملحوظِ نظر رکھ کر میں پارٹی لیڈرشپ سے دست بند ہوں کہ کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے پارٹی کو نقصان پہنچے یا جہد رک جائے۔ ہر ساتھی دشمن کے ہر حربے کو ناکام کرنے کی کوشش کرے۔ شاید مجھ میں زیادہ بات کرنے کی سکت نہیں، وقت بھی کم ہے۔ بلوچستان زندہ باد، بی ایل ایف زندہ باد، آزاد بلوچستان زندہ باد۔“

پھر اپنے بچوں سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں:

”میرے بچے، مجھ پر فخر کریں کہ میں نے قوم کے لیے جنگ کی اور جنگ میں سامنے سے گولی کھائی۔ میری ماں میرے لیے پریشان نہ ہو۔ میری بہنیں میرے لیے پریشان نہ ہوں۔ میں اچھے مقصد کے لیے کام آیا ہوں۔ میں نے ایسا کام نہیں کیا ہے کہ آپ کل ملامت ہوں۔“

آزادی کا سوال، سرزمین کی مٹی کی خوشبو، بزرگوں کی جدوجہد اور قوم سے لامتناہی وفاداری نے شہیک جان کو یہ جلا بخشی کہ اس نے قومی تحریک کو گرس روٹ لیول تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کیا اور جب دشمن کے گھیرے میں آئے تو خندہ پیشانی اور دلیری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔

اس آخری گولی کے فلسفے کو نئی نسل میں منتقل کرنا ایک عظیم کارنامہ تھا، جس کا سبق نسلوں تک منتقل ہوتا رہے گا۔ ان کی انتھک محنت نے ان کے فرزند کینگی سمیت ہزاروں بلوچوں کو اسی راہ پر گامزن کیا، جسے انسانی تاریخ میں قربانیِ عظیم کہا جا سکتا ہے۔

کینگی سلیمان کو بھی پتہ تھا کہ اس راستے کا انتخاب آسان نہیں ہوتا۔ انسان جانتا ہے کہ اسے اپنے پیارے، اپنی ذاتی خواہشیں اور شاید اپنی زندگی تک قربان کرنا پڑ سکتی ہے۔ اس کے باوجود کچھ لوگ یہ راستہ اختیار کرتے ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک وطن سے وابستگی کا فلسفہ انسان کی روح تک سرایت کر جاتا ہے اور قومی آزادی کا مقصد ذاتی زندگی سے بڑا بن جاتا ہے۔

شہید کینگی انہی کرداروں میں سے ایک تھے، جنہوں نے خون، خاک اور نشاں کے کاروان کے ساتھ وابستگی اختیار کی۔ کاسترو کے بقول: ”انقلاب پھولوں کی سیج نہیں ہوتا، انقلاب مستقبل اور ماضی کے درمیان ایک جدوجہد ہوتا ہے۔“ اس نے بھی انقلاب اور آزادی کے لیے اپنی زندگی میں اسی دشوار راستے کا انتخاب کیا۔ وہ اپنی ذات سے بڑھ کر اپنے وطن کے لیے اس کٹھن کاروان کے ساتھ چل پڑے اور جدوجہد میں مصروف ہو گئے۔

شہید کینگی سلیمان، جس نے وطن کی آزادی کے خواب کو صرف دیکھا نہیں بلکہ اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے جہدکاروں کے کاروان میں شامل ہو گئے۔

شہید کینگی سلیمان مشکے کے علاقے میہی میں قومی آزادی کے نڈر سرمچار شہید شیہک سلیمان کے گھر پیدا ہوئے۔ میہی ایک ایسا گاؤں ہے جس نے قومی آزادی کی جدوجہد کو کئی عظیم کردار دیے، جن میں قائد ڈاکٹر اللہ نذر، شہید سفر خان، شہید شہیک سلیمان، شہید علی نواز گوہر سمیت متعدد سپوت میہی کی سرزمین سے اس قافلے کا حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

میہی کے فرزند اپنی محبت، وفاداری اور وطن سے گہرے رشتے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس علاقے میں موجود قدیم آثار اور تاریخی نشانات بھی اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ یہ سرزمین گزشتہ چار ہزار سالوں سے بلوچوں کے آبا و اجداد کی قدیم آبادیوں اور بستیوں سے وابستہ رہی ہے۔

والدِ محترم اور استاد، شہید شیہک سلیمان کی شہادت کے بعد کینگی نے کراچی میں بنیادی تعلیم حاصل کی اور پڑھنے لکھنے کا سلسلہ آگے بڑھایا، لیکن کتابوں کے ساتھ ساتھ ان کی زندگی پر اپنے والد کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں نے بھی اثر انداز ہوئیں اور انہیں قومی بیداری عطا کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

گھر اور علاقے کے حالات کو دیکھتے ہوئے ان کے اندر نو عمری ہی سے قومی آزادی کا تصور نے جگہ بنا لی تھی۔ کم عمری ہی سے ان کے دل میں سرزمین سے وفاداری اور آزادی کی جدوجہد کا جذبہ پیدا ہو چکا تھا۔ وہ ہمیشہ اپنے آپ کو اسی کارواں کا حصہ تصور کرتے تھے۔

انہوں نے آزادیِ وطن کے لیے جدوجہد کو اپنے لیے مقصدِ حیات بنا لیا تھا۔ کہا کرتے تھے کہ جدوجہد سے جبری تسلط کی سیاہ رات اور بیرونی قبضے کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔ اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے انہوں نے قومی تحریک کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔

ان کے لیے یہ صرف والد کی پیروی نہیں تھی، بلکہ اپنی سرزمین اور اپنے لوگوں کے بارے میں ایک شعوری فیصلہ تھا۔ اپنے بزرگوں کی روایات اور قومی آگہی سے متاثر ہو کر کینگی بھی قومی آزادی اور غلامی کے خلاف جدوجہد کے لیے کمر بستہ ہوئے۔

وہ آزادیِ وطن کے فرنٹ لائن تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے سرمچاروں میں شامل ہو گئے۔ بلوچستان ایک عظیم سرزمین ہے، اس کے لیے شہید حمید بلوچ نے پھانسی کے پھندے کو چھومتے ہوئے اپنی قوم کے نام پیغام میں کہا تھا: ”آزادی جیسی انمول دولت بغیر خون کی قربانی کے نہیں مل سکتی۔ کم از کم میں نے تاریخ میں کہیں نہیں پڑھا کہ قوموں کو آزادی بغیر قربانی کے ملی ہو۔“

اور نواب نوروز خان زرکزئی نے پھانسی پانے والے بیٹے کی مونچھوں کو تھامتے ہوئے کہا تھا: ”بٹّے خان صرف میرا بیٹا نہیں، یہ سب میرے بیٹے ہیں۔ یہ مرے نہیں، بلکہ ان کی شادی ہے۔ مرے تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے قرآن پر عہد کرنے کے بعد ہمارے ساتھ دھوکہ کیا۔“

اگست 2006 میں غاصب پاکستانی فوج کے میزائل اور فضائی حملے میں شہید ہونے والے بلوچ رہبر نواب اکبر خان بگٹی نے کہا تھا:

”بستر پر آہستہ آہستہ مرنے کے بجائے، میں کسی مقصد کے لیے لڑتے ہوئے موت کو ترجیح دوں گا۔“

اور کینگی بھی اس عظیم کارواں کا حصہ بن گئے اور سرزمین کے لیے ثابت قدمی کی انتہا کر دی اور شہداء کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے 30 دسمبر 2023 کو مشکے میں جوائنٹ ڈومین ملٹری آپریشن میں شہید ہو کر ابنِ شہید بن گئے۔

اگرچہ آج شہید کینگی ہمارے درمیان جسمانی طور پر موجود نہیں، مگر ان کی جدوجہدِ آزادی اور آخری گولی کا فلسفہ تا ابد زندہ رہے گا۔ انسان مٹ سکتا ہے، مگر وہ مقصد اور خواب نہیں مرتا جس کے لیے اس نے اپنی زندگی وقف کی ہو۔ جسم ختم ہو جاتے ہیں، مگر خواب نسلوں کے شعور میں زندہ رہتے ہیں۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔