پاکستان کے وزیر داخلہ کا دعوئ اپنی شکست کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے، گوادر میں آپریشن الماس جاری ہے۔ بی ایل ایف

1

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ قابض پاکستان کے وزیر داخلہ کا میڈیا پر گوادر میں سدو آپریشنل بٹالین کے آپریشن الماس کو ناکام بنانے کا دعویٰ اپنی شکست کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔ گوادر میں بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سدو آپریشنل بٹالین کا آپریشن الماس  آٹھ گھنٹوں سے زائد کا طویل وقت گزر جانے کے باوجود پوری شدت اور عزم کے ساتھ تاحال جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سرمچاروں نے دفاعی اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے پیش قدمی کرنے والے تمام دستوں کو پسپائی اختیار کرنے اور  پیچھے دھکیلنے پر مجبور کر دیا ہے اور ہمارے جند ندر فوج کو بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے دوچار کررہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کے مرکزی کیمپ پر جند ندر سرمچاروں کا مکمل اور غیر متزلزل غلبہ و قبضہ برقرار ہے۔ قابض فوج کو کسی بھی قسم کی پیش قدمی یا جوابی کارروائی کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔اس دوران محاذِ جنگ پر سرگرم سرمچاروں نے دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابض فوج کے متعدد کواڈ کاپٹرز کو بھی کامیابی کے ساتھ فضا میں ہی مار گرایا ہے۔

دوسری جانب، بی ایل ایف کی جانب سے اپنے آفیشل چینل پر دو وائس نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ ان وائس نوٹس میں اس کے سرمچاروں اور ایک کمانڈر کے درمیان ہونے والی گفتگو شامل ہے۔ بی ایل ایف کے مطابق، ان میں سے ایک وائس نوٹ رات 9 بجے، جبکہ دوسرا رات 12 بجے کا ہے۔