بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے اسپہاک کلمت کے عوام گزشتہ تین ماہ سے پینے کے پانی کی فراہمی سے محروم ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق سرکاری واٹر ٹینکر سروس کی بندش نے انہیں شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہری مہنگے داموں نجی ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ایک چیمبر پانی کی قیمت تقریباً سات ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ علاقے کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے پہلے ہی روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا دشوار ہو چکا ہے۔ ایسے میں پینے کے پانی جیسی بنیادی ضرورت کے حصول کے لیے ہزاروں روپے خرچ کرنا ان کی مالی استطاعت سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ سرکاری واٹر ٹینکر سروس کی گزشتہ تین ماہ سے مسلسل بندش نے خصوصاً کم آمدنی والے گھرانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
اسپہاک کلمت کے عوام نے ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں پانی کے سنگین بحران کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سرکاری واٹر ٹینکر سروس بحال کریں اور آبادی کو پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پینے کا صاف پانی بنیادی انسانی ضرورت ہے اور اسے عوام کی پہنچ سے دور نہیں ہونا چاہیے۔ تین ماہ سے جاری اس بحران کا خاتمہ محض یقین دہانیوں سے نہیں بلکہ فوری اور عملی اقدامات ہی سے ممکن ہے۔ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسپہاک کلمت کے عوام کو اس بنیادی سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں۔

















































