بلوچستان میں فائرنگ، ٹریفک حادثات اور مختلف مقامات سے لاشیں برآمد

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں دالبندین، نوشکی، بولان اور تربت میں فائرنگ، ٹریفک حادثات اور لاشیں برآمد ہونے کے واقعات میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوگئے، جبکہ دو نامعلوم افراد کی لاشیں چار روز پرانی بتائی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں ڈھاڈر کے مقام پر مسلح افراد نے ایک مال بردار بس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور ہلاک اور تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد لاش اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا۔

فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے ڈرائیور کی شناخت عبد الوحید کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جاتا ہے۔ جبکہ زخمیوں میں عبیداللہ سکنہ نوشکی، فائق اور محسن سکنہ کوئٹہ شامل ہیں۔

دوسری جانب خاران سے کوئٹہ جانے والی ایک مسافر ویگن نوشکی مل کے علاقے میں کوہِ سلطان کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ خاران اور نوشکی سے زخمیوں اور لاش کی منتقلی کے لیے فوری طور پر ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

ادھر بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مشکاف سے دو نامعلوم افراد کی چار روز پرانی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ڈی ایس پی شیر احمد کے مطابق دونوں لاشیں مشکاف کے قریب سے ملی ہیں، تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ لاشوں کی شناخت کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

ایک اور واقعے میں ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے شہرک سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق شہرک تربت سے تقریباً 30 کلومیٹر مشرق کی جانب واقع ہے۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا ہے۔