کوہ سلیمان نوخیں عہد : سیاست سے مسلح جدوجہد تک سفر – بزدار بلوچ

63

کوہ سلیمان نوخیں عہد : سیاست سے مسلح جدوجہد تک سفر
بنام: سنگت ہارون (واہگ) بزدار

تحریر: بزدار بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ

مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہاں سے شروعات کروں، کیسے لکھوں، کیا لکھوں۔ نہ میں لکھاری ہوں نہ میں نے کبھی لکھنے کی کوشش کی۔ ایسی شخصیت کے بارے میں لکھنے کی کوشش کر رہا ہوں جس کے لیے میرے پاس ایسے الفاظ نہیں ہیں جو میں بیان کر سکوں۔

سب سے پہلے یومِ شہدائے بلوچستان کے موقع پر شہدائے کوہ سلیمان و بلوچستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہمارے کل کے لیے اپنی آج قربان کر دی۔ سلام پیش کرتا ہوں زندان میں قید سیاسی اسیران کو، جنہوں نے بلوچ وطن کا پیغامبر بن کر دشمن کے سامنے کبھی سر خم نہیں کیا اور دشمن کے ٹارچر سیلوں میں جبر و ٹارچر برداشت کر رہے ہیں۔

کوہ سلیمان، ڈیرہ غازی خان، جس کو عقیدت میں بلوچ سرزمین کا مکہ کہا جاتا ہے۔ کوہ سلیمان کو جبری طور پر پاکستان نے بلوچستان سے الگ کر کے انتظامی طور پر پنجاب میں شامل کیا ہے۔ بلوچ عوام نے حاکم کے اس فیصلے کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔ اسی کوہ سلیمان کے عظیم پاسبانوں نے 1967ء کے موقع پر دشمن کو ہان بند تھلہ تھوک کے مقام پر محاذ لڑا۔ اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے اپنے وطن کی حفاظت کی۔ اس کے عظیم شہدا کا دن ہفت دسمبر آج بھی کوہ سلیمان میں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔

کالونائزر قبضہ کرنے کی غرض سے طرح طرح کے ٹیکٹکس استعمال کرتے ہیں۔ وہ کبھی کلچر کو مسخ کرتا ہے، کبھی زبان کے نام پر تقسیم کرتا ہے۔ کوہ سلیمان میں ریاست نے وہ سارے طریقے آزمائے جو ایک کالونائزر کرتا ہے۔

فرانٹز فینون اپنی کتاب The Wretched of the Earth میں لکھتے ہیں: “لوگوں میں پائے جانے والے احساسِ کمتری اور احساسِ محتاجی، جن کا ماہرینِ نفسیات کئی سالوں سے علاج کرنے کی ناکام کوشش کر رہے تھے، انقلابی جدوجہد میں تبدیل ہو گئے۔ لوگ نڈر ہو گئے۔ ان میں خودداری اور خوداعتمادی پیدا ہو گئی۔ اب ان کے اندر یہ احساس ختم ہو گیا تھا کہ وہ انسان نہیں ہیں یا نوآبادکاروں سے کمتر ہیں۔”

اس کی وجہ یہ تھی کہ اب وہ نوآبادکاروں کے خلاف مسلح جنگ لڑ رہے تھے اور یہ ان کے لیے برابری کا مقابلہ تھا۔ اب انہیں کسی رہنما کے محتاج رہنے کی ضرورت نہیں تھی۔ وہ اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہو گئے تھے۔

فینون کے مطابق، صرف مسلح جدوجہد کے ذریعے ہی نوآبادیاتی نظام کے ظلم اور لوگوں کے احساسِ کمتری و محتاجی کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ ان کے نزدیک انقلابی جدوجہد ہی بہترین نفسیاتی علاج ہے۔

کوہ سلیمان کو پنجاب کا حصہ بنا کر ریاست نے بلوچ سرزمین کو انتظامی طور پر الگ کر کے بلوچ سرزمین میں تقسیم کر کے اپنا نوآبادیاتی نظام رائج کرنے کی کوشش کی، جس سے وہ ایک بڑی حد تک کامیاب تو ہوئے، لیکن بلوچ نے جغرافیائی اور شعوری طور پر کبھی بھی اس جبری الحاق کو تسلیم نہیں کیا۔ اس تقسیم کے خلاف سیاسی جدوجہد سے لے کر مسلح جدوجہد تک کا سفر کیا ہے۔

بلوچ وطن کے بہادر ماؤں نے ایسی اولاد پیدا کی جو اپنی دھرتی ماں کی حفاظت کے لیے اپنا خون دے کر حفاظت کر رہے ہیں، خواہ وہ بلوچ وطن کے کسی بھی کونے میں ہوں۔ کوہ سلیمان سے لے کر مکران تک یہ جنگ ایک ہی سوچ پر جاری ہے۔ یہ بلوچ کی آنے والی نسلوں کی جنگ ہے، یہ کارواں اسی طرح جاری رہے گا۔

ایک سنگت ہارون بزدار نے کوہ سلیمان سے میلوں کا سفر کر کے اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے دشمن کے ساتھ کئی محاذوں پر براہِ راست دو بدو جنگ لڑی۔ اپنے وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کی طرف سے بنائی گئی تقسیم کے نام پر لکیر کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔

ویسے تو بلوچ سرزمین بلوچستان کی آزادی کے لیے سینکڑوں، ہزاروں شہدا نے اپنی جانیں قربان کیں۔ اس وقت قومی تحریک میں کوہ سلیمان کے عظیم سنگتوں نے مسلح جدوجہد سے وابستہ ہو کر بلوچ سرزمین کو ایک بار پھر یکجا کرنے کے لیے ایک نئی روح بخشی ہے۔ آزادی جیسے عظیم مقصد کے لیے بلوچ وطن میں جاری مزاحمتی تحریک میں سنگت فیض جان بزدار عرف دلجان بلوچ نے قومی جنگی محاذ پر دشمن سے دو بدو لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر کے بلوچ وطن کی مٹی میں امر ہو گئے ہیں۔ سنگت نے اپنی سرزمین کے لیے جان کا نذرانہ پیش کر کے کوہ سلیمان کے خاموش پہاڑوں کو جھومنے پر مجبور کیا ہے۔

سنگت فیض جان بزدار نے کوہ سلیمان کے نوجوانوں کو سیاسی جدوجہد سے نکال کر عملی جدوجہد کے لیے راہ ہموار کیا۔ دلجان بلوچ کی شہادت نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ بلوچ نوجوان کوہ سلیمان کے سرسبز پہاڑوں سے لے کر گوادر کی نیلی سمندر تک اپنے وطن کی آزادی کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔

اس راہ پر بلوچ وطن کے جانباز سرمچار سنگت رشید عرف میرل بزدار، سنگت مریم عرف سمی اور سنگت سلال بزدار نے بلوچ وطن کی آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دے کر اپنی دھرتی ماں کے لیے امر ہو گئے۔

ان سنگتوں میں ایک عظیم سنگت ہارون بزدار عرف واہگ بزدار تھے۔ وہ سنگت دیوانہ تھا۔ بعض شخصیات کی زندگی اور جدائی کو الفاظ کے محدود دائرے میں بیان کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ ان کی شخصیت کے کئی پہلو ایسے ہوتے ہیں جو وقت گزرنے کے باوجود ذہن و دل میں زندہ رہتے ہیں۔ وہ اپنے کردار، نظریات اور زندگی کے سفر سے ایسی یادیں چھوڑ جاتے ہیں جو آنے والے وقتوں تک ان کا تعارف بنے رہتے ہیں۔ آج میں بھی ایک ایسی ہی شخصیت کے بارے میں قلم اٹھا رہا ہوں، جس کا ذکر کرتے ہوئے یادوں کے کئی دریچے کھل جاتے ہیں اور دل پر ایک عجیب سی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔

تاریخ صرف گزرے ہوئے واقعات کا مجموعہ نہیں ہوتی، بلکہ یہ ان انسانوں کی داستان بھی ہے جن کی زندگیوں نے اپنے عہد پر گہرے نقوش چھوڑے۔ کچھ لوگ اپنی جدوجہد، فکر اور کردار کے ذریعے اجتماعی یادداشت کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ان کی جسمانی موجودگی ختم ہو سکتی ہے، مگر ان سے وابستہ یادیں، خیالات اور ان کے ساتھ گزرے لمحات مدتوں دلوں میں محفوظ رہتے ہیں۔

کسی عزیز اور قابلِ احترام شخصیت کی جدائی کا دکھ اپنی جگہ ایک حقیقت ہے، جبکہ اس کی زندگی کے سفر اور اس سے وابستہ یادوں کو بیان کرنا ایک الگ احساس رکھتا ہے۔ فخر، محبت، احترام اور غم کی یہ ملی جلی کیفیت انسان کو کئی مرتبہ خاموش کر دیتی ہے۔ شاید اسی لیے آج میرے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو رہا ہے کہ اس شخصیت کا تذکرہ کہاں سے شروع کروں اور اپنے احساسات کو کن الفاظ میں سمیٹوں۔

سنگت ہارون بزدار کا تعلق کوہِ سلیمان کی اسی تاریخی سرزمین سے تھا، جہاں پہاڑوں کی بلندیاں، دشوار گزار راستے اور صدیوں پر محیط اجتماعی تاریخ ایک منفرد شناخت رکھتی ہے۔ یہ خطہ مختلف ادوار میں بیرونی اقتدار اور ریاستی مداخلت کے خلاف مزاحمت کی داستانوں کا گواہ رہا ہے۔ برطانوی سامراج کا دور ہو یا کوہِ سلیمان میں پاکستانی ملیشیا کے ساتھ پٹوری کی جنگ، اس سرزمین نے ہمیشہ اپنے مخصوص تاریخی حالات کا سامنا کیا ہے۔

ہارون نے اپنی ابتدائی زندگی اور تعلیم کا آغاز کوہِ سلیمان ہی سے کیا، تاہم مزید تعلیم کے حصول کے لیے انہیں تونسہ کا رخ کرنا پڑا۔ ان کی سیاسی فکر نے اس وقت ایک نیا رخ اختیار کیا جب انہوں نے دیکھا کہ کوہ سلیمان کی سرزمین سے زیرِ زمین معدنیات اسلام آباد کو دور سے نظر آتے ہیں، لیکن کوہ سلیمان کو ریاست کی طرف سے دی گئی بنیادی ضروریات، تعلیمی بحران، خود ساختہ کینسر یا دیگر محرومیاں نظر نہیں آتے۔ جو بلوچ نسل کشی کا سبب بن رہے ہیں۔ یہ وہ غلامی کا احساس ہے جو ہر بیدار شعور نوجوان کو سوچنے پر مجبور کرتے ہیں اور دشمن کے خلاف ایک مسلح ذہن کی نرسری بنا دیتے ہیں۔

اسی غلامانہ نظام کے خلاف سنگت ہارون بزدار نے تونسہ، کوہِ سلیمان اور ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ مقامی نوجوانوں سے روابط قائم کیے، قومی و سیاسی معاملات پر گفتگو کا آغاز کیا اور لوگوں کو اجتماعی سطح پر منظم کرنے کی کوششیں ان کی سرگرمیوں کا اہم حصہ بن گئیں۔ کوہ سلیمان ہفت دسمبر موومنٹ کا آغاز ہوا۔ بلوچستان سے بی ایس او آزاد کے شہید سنگت ثناء تونسہ تشریف لائے تو ہر مقام پر ہارون بزدار نے تونسہ و کوہ سلیمان میں پائے گئے بی ایس او آزاد کے پلیٹ فارم سے کوہ سلیمان میں بلوچ نوجوانوں کو قومی سیاست کی طرف راغب کیا۔ بلوچستان بھر میں طلبہ تنظیم ہو یا ماس پارٹیز ہوں، ان کے ساتھ مل کر سیاسی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کیا۔

یوں ان کا سفر محض ذاتی دلچسپی تک محدود نہیں رہا، بلکہ وقت کے ساتھ ان کی سیاسی شناخت اور اجتماعی روابط کا ایک نمایاں پہلو بنتا چلا گیا۔ اسی سیاسی مزاحمت سے نکل کر حقیقی منزل کی طرف رواں ہوئے۔ بالآخر 20 ستمبر 2026ء کو جنگی محاذ پر دشمن سے دو بدو جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور بلوچستان کے پہاڑوں میں خاک سپرد ہوئے۔ سنگت ہارون کی شہادت سے یہ کارواں ختم نہیں ہوا۔ کوہ سلیمان و بلوچستان کی مائیں بانجھ نہیں ہیں۔ ایک ہارون شہید ہوا، ہزاروں ہارون پیدا ہوں گے۔ یہ مزاحمت کا سفر ہے، یہ مقصد کی اصول تک اسی طرح جاری رہے گا۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔