برطانوی جریدے دی اکنامسٹ نے اپنی سالانہ خصوصی اشاعت ’’دی ورلڈ اہیڈ 2027‘‘ میں آئندہ سال کے حوالے سے اہم عالمی پیش گوئیاں کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 2027 عالمی سیاست، معیشت، ٹیکنالوجی اور سلامتی کے اعتبار سے غیر معمولی تبدیلیوں اور چیلنجز کا سال ثابت ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے اثرات، امریکی سیاست میں تبدیلی، مصنوعی ذہانت کی صنعت میں ممکنہ مالیاتی بحران، یورپ میں قوم پرست سیاست کے عروج اور عالمی مالیاتی منڈیوں پر قرضوں کے بڑھتے دباؤ سمیت دس بڑے رجحانات آئندہ سال عالمی منظرنامے پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
دی اکنامسٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورِ اقتدار کے آخری مرحلے میں سیاسی طور پر مزید جارحانہ اور غیر متوقع اقدامات کر سکتے ہیں۔ جریدے کا کہنا ہے کہ کانگریس کے دونوں ایوانوں میں ڈیموکریٹس کے کنٹرول کے بعد ٹرمپ اپنی سیاسی میراث اور اثرورسوخ برقرار رکھنے کے لیے مزید صدارتی احکامات، قانونی تنازعات اور دیگر غیر معمولی اقدامات کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں اس بات پر بھی توجہ دلائی گئی ہے کہ دنیا میں ٹرمپ کے بعد کے امریکہ کی سیاسی سمت کے حوالے سے بحث تیز ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے اثرات صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی توانائی کی ترسیل، علاقائی سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔
دی اکنامسٹ نے خبردار کیا ہے کہ کھاد کی ممکنہ قلت اور سپر ال نینو کے باعث عالمی سطح پر غذائی تحفظ کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جس سے دنیا کے مختلف حصوں میں خوراک کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ایران جنگ کے بعد امریکہ کے اتحادیوں اور مخالفین کے واشنگٹن کے بارے میں رویوں میں تبدیلی عالمی طاقتوں کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔
دی اکنامسٹ نے مصنوعی ذہانت (AI) کی تیزی سے ترقی کے ساتھ اس شعبے میں بڑھتے ہوئے مالیاتی خطرات کی بھی نشاندہی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیاں اپنی توسیع کے لیے بھاری قرضے اور پیچیدہ مالیاتی معاہدے کر رہی ہیں، جس کے باعث 2027 میں اس شعبے میں مالیاتی بحران یا مارکیٹ میں بڑی گراوٹ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
جریدے کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے سیاسی، مالیاتی اور سائبر سکیورٹی سے متعلق خطرات زیادہ نمایاں ہوں گے، جبکہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف عوامی ردعمل میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ میں 2027 کے فرانسیسی صدارتی انتخابات کو یورپ کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔ دی اکنامسٹ کے مطابق اگر دائیں بازو کی رہنما میرین لی پین صدارتی انتخاب جیت جاتی ہیں تو اس کے اثرات فرانس تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ یورپی یونین کے سیاسی اور معاشی ڈھانچے پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
خصوصاً فرانس اور جرمنی کے تعلقات اور یورپی یونین کی مشترکہ پالیسیوں کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دی اکنامسٹ نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ سمیت کئی ترقی یافتہ ممالک کے بڑھتے ہوئے سرکاری قرضے عالمی مالیاتی نظام کے لیے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک میں بانڈز پر منافع کی شرح میں اضافہ حکومتوں کے لیے قرض لینے کی لاگت بڑھا رہا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عالمی مالیاتی منڈیوں میں کسی بڑے بحران یا غیر متوقع تبدیلی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں چین اور تائیوان کے تنازع کو بھی 2027 کے اہم عالمی خطرات میں شامل کیا گیا ہے۔
دی اکنامسٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے 2027 تک چینی فوج کو تائیوان پر ممکنہ قبضے کی کارروائی کے لیے تیار کرنے کی ڈیڈ لائن سے متعلق دعوے خطے میں تشویش کا باعث ہیں۔
تاہم رپورٹ میں اس پہلو کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ جدید فوجی ٹیکنالوجی نے جنگ کی نوعیت تبدیل کر دی ہے اور اب نسبتاً چھوٹی طاقتیں بھی جدید دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے بڑی فوجی قوتوں کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دی اکنامسٹ نے پیش گوئی کی ہے کہ 2027 میں دنیا کو شدید گرمی، خشک سالی، ہیٹ ویوز اور جنگلاتی آگ جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں قابلِ تجدید توانائی کو نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے بلکہ عالمی توانائی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے بچنے کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
دی اکنامسٹ کے مطابق اوزمپک سمیت وزن کم کرنے والی ادویات کا بڑھتا ہوا استعمال مستقبل میں صارفین کے طرزِ زندگی اور عالمی کاروبار کو متاثر کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان ادویات کے بڑھتے استعمال سے ملبوسات، کاسمیٹکس اور فٹنس کی صنعتوں میں نئی تبدیلیاں متوقع ہیں، جبکہ دوا ساز کمپنیاں عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرنے اور طویل صحت مند زندگی سے متعلق تحقیق میں بھی زیادہ دلچسپی لے سکتی ہیں۔
رپورٹ میں خلائی صنعت کے حوالے سے بھی اہم تبدیلیوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دی اکنامسٹ کے مطابق اسپیس ایکس کا اسٹارشپ راکٹ 2027 میں باقاعدہ سیٹلائٹ لانچ کرنے کے قابل ہو سکتا ہے، جبکہ نجی شعبے کا پہلا خلائی اسٹیشن بھی خلا میں بھیجے جانے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کا تصور بھی عملی شکل اختیار کرنے کے قریب پہنچ سکتا ہے۔
دی اکنامسٹ نے فلمی صنعت میں بھی تبدیلیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیوبرز کی جانب سے کم بجٹ میں تیار کی جانے والی فلموں کی کامیابی روایتی ہالی ووڈ کے لیے ایک نیا چیلنج بن سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بڑی فلمی فرنچائزز کو نئے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا پڑے گی۔
دی اکنامسٹ کی سالانہ رپورٹ میں سامنے آنے والے رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2027 میں عالمی سیاست، توانائی، خوراک، مالیاتی منڈیوں اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اہم تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔












































