نوشکی کے علاقے غریب آباد اور گردونواح میں گزشتہ روز گھر گھر تلاشی کے دوران بڑی تعداد میں افراد کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق عصر کے وقت پاکستانی فورسز نے غریب آباد میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد، جن میں بزرگ اور نوجوان شامل ہیں، کو حراست میں لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نمازِ عصر کے وقت ایک مسجد سے جماعت کے لیے آنے والے افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ مسجد کے امام کو مبینہ طور پر چھوڑ دیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران گھروں سے حراست میں لیے گئے افراد کو غریب آباد قبرستان کے قریب جمع کیا گیا، جہاں سے انہیں ٹرکوں اور بسوں کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام زیرِ حراست افراد کی فوری اور باعزت رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

















































