سپریم کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزائیں معطل کردیں، دونوں کی ضمانت منظور

1

سپریم کورٹ نے انسانی حقوق کی وکیل ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر و وکیل ہادی علی چٹھہ کی متنازع سوشل میڈیا پوسٹس سے متعلق مقدمے میں سزائیں معطل کرتے ہوئے دونوں کی ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے دونوں کو دو، دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ کا یہ حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ان کی سزا معطلی کی درخواستوں کے حتمی فیصلے تک مؤثر رہے گا۔ جوڑے نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے فوری طور پر سزا معطل نہ کیے جانے کے معاملے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔