کراچی اور حب چوکی سے مزید دو افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ دوسری جانب دو لاپتہ افراد بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے رہائشی اور حب چوکی کے علاقے دارو ہوٹل میں کاروبار کرنے والے 37 سالہ محمد حنیف ولد سلیمان کو 12 فروری 2026 کی رات تقریباً دو بجے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دارو ہوٹل، حب چوکی سے حراست میں لیا تھا، جن کے بارے میں اب تک کوئی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
ادھر کراچی کے علاقے ملیر سے 45 سالہ غلام قادر ولد عبد الکریم کو 31 مئی 2026 کی رات ایک بجے ان کے گھر سے آئی ایس آئی، ایم آئی اور رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔
دوسری جانب بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان کے سابق چیئرمین شعیب بنگلزئی 385 روز تک لاپتہ رہنے کے بعد بازیاب ہو کر بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں گزشتہ سال کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے حراست میں لیے جانے کے بعد لاپتہ قرار دیا گیا تھا۔
اسی طرح نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی کے رہائشی عمیر احمد سمالانی ولد میر احمد سمالانی بھی تقریباً چار ماہ بعد خیر و عافیت کے ساتھ بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ ان کی بازیابی کی تصدیق خاندانی ذرائع نے کی ہے۔


















































