کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6397ویں روز بھی جاری، ایڈووکیٹ سید کا اظہارِ یکجہتی

37

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6397ویں روز بھی جاری رہا۔ اس دوران حیدرآباد ہائی کورٹ کے ایڈووکیٹ سید محسن شاہ نے کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید محسن شاہ نے کہا کہ جبری گمشدگیاں ملکی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے بلوچ قوم کی جانب سے اپنے جائز حقوق کے لیے اٹھائی جانے والی آوازوں کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا، بلکہ اس سے اہلِ بلوچستان کے دلوں میں ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے اور مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کیا جائے۔ جبری گمشدگیوں اور ماورائے آئین اقدامات کا مکمل سدباب کیا جائے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔ جن افراد پر الزامات ہیں، انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ انہیں اپنے دفاع اور قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہو سکے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ تنظیم کی پُرامن اور آئینی جدوجہد جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت اقدامات کے خاتمے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی تک جاری رہے گی۔