اورماڑہ میں یوسی چیئرمین کے گھر میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق

35

بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ میں یونین کونسل چیئرمین سید مہیم جان کے گھر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 19 سالہ راجہ ولد چارشمبے کے نام سے ہوئی ہے، جو سید مہیم جان کا ملازم تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ راجہ کی موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ راجہ موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کو کسی مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران زور دار دھماکہ ہو گیا، جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

دھماکے سے گھر کے ایک کمرے کو بھی نقصان پہنچا۔