بلوچستان سمیت دنیا بھر میں مقیم بلوچ آج 13 نومبر کو بلوچ شہداء ڈے کے طور پر منا رہے ہیں۔ اس دن بلوچ قوم اپنے اُن تمام فرزندوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے قومی آزادی، شناخت اور حقوق کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
واضح رہے کہ بلوچ شہداء ڈے منانے کا باضابطہ آغاز بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آزاد) نے 2010ء میں کیا تھا، جس کے تحت ہر سال 13 نومبر کو تمام بلوچ شہداء کی یاد مشترکہ طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت بیرونِ ملک بھی تقریبات، ریلیاں اور اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں بلوچ کارکنان اور عوام شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی بلوچ شہداء کے ناموں اور ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
بلوچ شہداء کمیٹی کے زیرِ اہتمام شہداء کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچ قوم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی نئی نسل کو اپنی تاریخ، جدوجہد اور شہداء کے کردار سے آگاہ کرے، کیونکہ جو نسل اپنی تاریخ سے ناواقف ہوتی ہے، اسے اپنے حال کو سمجھنے اور مستقبل کے بارے میں بہتر فیصلے کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کو یاد کرنا محض ایک رسمی دن منانے کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنی تاریخ کو محفوظ رکھنے، ان کے افکار و نظریات پر مکالمہ کرنے اور ان کی جدوجہد کے تاریخی اسباب کو سمجھنے کا ایک اہم موقع ہے۔
مقررین نے کہا کہ 13 نومبر بلوچ قوم کی قربانیوں اور تسلسلِ مزاحمت کی علامت بن چکا ہے، جو آنے والی نسلوں کو اپنی شناخت، حقوق اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کا پیغام دیتا ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچ شہداء کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں آج بلوچ قومی تحریک اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔ بلوچ نوجوان اور خواتین آج بھی اپنے وطن اور بلوچ قومی ملکیت کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ شہداء کا مقدس لہو بلوچستان کی سرزمین پر قابض قوتوں کے لیے یہ واضح پیغام ہے کہ بلوچ قوم کی مرضی و منشا کے بغیر اس سرزمین پر کوئی فیصلہ قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک قابض قوت کے طور پر بلوچستان پر مسلط ہے اور اس کے نام نہاد نمائندے آج بلوچستان میں اپنے فیصلے مسلط کرنے کے لیے فوجی طاقت کا سہارا لے رہے ہیں اور سب کچھ ٹھیک ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں، لیکن دنیا یہ حقیقت جان چکی ہے کہ ریاست تمام تر طاقت کے استعمال کے باوجود اپنا رِٹ قائم کرنے میں ناکام ہے۔
مقررین نے کہا کہ بلوچ شہداء کے مقدس لہو کی قیمت ایک آزاد اور خوشحال بلوچستان ہے اور بلوچ قوم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالے۔
علاوہ ازیں، شہداء کی یاد میں ایک بلوچی دیوان کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچی اور براہوئی زبانوں کے گلوکاروں، استاد میر احمد بلوچ، ساول کندیل اور سرفراز واحد نے اپنی خوبصورت آوازوں میں بلوچی اور براہوئی شاعری پیش کرکے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


















































