13 نومبر “قبول، انحراف اور پھر رجوع – زامران بلوچ

2

13 نومبر “قبول، انحراف اور پھر رجوع

تحریر: زامران بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ

کچھ فیصلے تنظیموں سے نکل کر قوموں کی تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں؟ کچھ فیصلے محض وقتی فیصلے نہیں ہوتے بلکہ تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں۔ 13 نومبر آج بلوچ قوم کے لیے اپنے شہدا کو یاد کرنے کا ایک اہم دن بن چکا ہے۔ یہ دن اب محض ایک تاریخ نہیں بلکہ بلوچ قومی یادداشت اور اجتماعی احساس کا حصہ ہے۔ بلوچستان سے لے کر بیرونِ ملک آباد بلوچ اس دن مختلف طریقوں سے اپنے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اس روایت کا آغاز بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آزاد) نے کیا، جسے بعد ازاں بلوچ قوم نے اپنایا اور اسے قومی سطح پر پذیرائی ملی۔ اس سفر میں کچھ دوست تذبذب اور اختلاف کا شکار بھی رہے، بعض نے اس فیصلے سے انحراف کیا، مگر بعد میں رجوع کرتے ہوئے دوبارہ اس قومی روایت کا حصہ بنے۔ یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ آج وہ بھی اس دن کو بھرپور انداز میں منانے اور قومی فیصلے کے احترام میں کھڑے نظر آتے ہیں۔

اسی طرح بلوچستان کا قومی پرچم بھی ایک مثال ہے۔ اسے بلوچ لبریشن آرمی نے متعارف کروایا، جسے بلوچ قوم نے قبول کیا اور آج وہ کسی ایک تنظیم کی علامت نہیں بلکہ پوری قوم کی شناخت بن چکا ہے۔

یہ حقیقت قابلِ غور ہے کہ بعض تنظیموں کے فیصلے وقت کے ساتھ اپنی تنظیمی حدود سے نکل کر قومی شعور، شناخت اور اجتماعی یادداشت کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ایسے فیصلوں کی اہمیت کسی ایک تنظیم کی ملکیت یا برتری میں نہیں، بلکہ اس بات میں ہے کہ قوم انہیں کس حد تک قبول کرکے اپنی اجتماعی زندگی کا حصہ بناتی ہے۔

کیونکہ کچھ فیصلے تنظیمیں کرتی ہیں، مگر تاریخ انہیں قوموں کے نام کر دیتی ہے۔

13 نومبر بلوچ تحریک سے تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، شہیدوں کے عظیم اور لازوال قربانیوں کے بدولت ہم آج شان سے کہتے ہیں کہ ہم بلوچستان کے والی وارث اور بلوچ ہیں، وطن مادر کی محبت ‘ غلامی سے نفرت کو لیے دھرتی ماں کے فرزند جانوں کے پروا کیے بغیر جہد مسلسل کا علم ( بیرک) ہاتھ میں لے کرظلم کے خلاف اپنے سے کئی گنا بڑے طاقتور سے نبرد آزما ہوکر جام شہادت نوش کرتے ہیں اور تاریخ میں ہمیشہ امر ہوتے ہیں. بلوچستان وہ خوش قسمت ماں ہے جس کے ہزاروں فرزند مادر وطن پر مر مٹے نیو کاہان میں کوہ چلتن کے دامن بولان کے پہاڑی سلسلہ اور بلوچستان کے ہر کونے میں وطن مادر کے فرزند سپرد گلزمین ہیں۔

بلوچ قوم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی نئی نسل کو اپنی تاریخ، جدوجہد اور شہداء کے کردار سے آگاہ کرے۔ کیونکہ جو نسل اپنی تاریخ سے ناواقف ہو، وہ اپنے حال کو سمجھنے اور مستقبل کے بارے میں بہتر فیصلے کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتی ہے۔شہداء کو یاد کرنا صرف ایک رسمی دن منانے کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنی تاریخ کو محفوظ رکھنے، ان کے افکار و نظریات پر مکالمہ کرنے اور ان کی جدوجہد کے تاریخی اسباب کو سمجھنے کا ایک موقع ہے۔ یادداشت اسی وقت بامعنی بنتی ہے جب وہ علم، شعور اور اجتماعی مکالمے کو جنم دے۔

13نومبر ایک طویل تاریخ پس منظر رکھتا ہے اور اس دن کو شہداء کا مشترکہ دن منانے کا مقصد اس دن کی اہمیت اور قومی آزادی کی طویل جدوجہد کو نہ صرف اجاگر کرنا ہے بلکہ واضح اور دوٹوک موقف کے ساتھ عالمی برادری کے توجہ بھی مبذول کرانا ہے کہ ہزاروں شہیدوں کا ارمان اپنے وطن کی آزادی ہے 13نومبر1839کو پہلی بار انگریز سامراج نے بلوچ وطن پر قبضہ کرکے بلوچ قومی آزادی کو سلب کرکے دنیا کے نقشہ میں موجود آزاد بلوچ مملکت و حکومت پر نہ صرف غاصبانہ قبضہ قائم کی بلکہ انتہائی بے رحمی کے ساتھ بلوچ قومی وحدت کو پارہ پارہ کرکے اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے ساتھ بلوچ زمین اور آبادی کو تقسیم کیا اس وقت بلوچ ریاستی امور کے سربراہ میر محراب خان تھیں جنہوں نے انگریز غاصبوں کے خلاف علم آزادی بلند کرکے بلوچ قومی لشکر کے ساتھ بلوچ وطن کی آزادی اور دفاع کے لئے غیر ملکی حملہ آوروں کے خلاف بڑے پیمانے جنگ کا آغاز کیا اور اس قومی جنگ کے دوران شہید محراب خان اور ان کے ساتھی جام شہادت نوش کرکے آنے والے نسلوں کو جدوجہد کے لئے اپنی خون سے روشنی اور راہ دکھاتے ہوئے عظیم تاریخ رقم کرکے انگریز سامراج پر واضح کیا کہ بلوچ قوم اپنی مال و جان قربان کرسکتے ہیں لیکن کسی کی جی حضوری اور تابعداری نہیں کرسکتے اور یہی فکر و فلسفہ بلوچ تاریخ کو قابل فخر بنادیا ہے

شہداء بلوچستان کے خون کا بہترین انتقام آزاد بلوچستان ہے’ اور آزادی جیسے عظیم نعمت کو حاصل کرنے کے لیے ایک قوم بننا ہوگا نہ کہ پارٹی پرستش سے آزادی ملے گا۔ ایک بلوچ فرزند زندگی کو ہاتھ میں لے کر موت کی وادیوں میں قدم رکھتا ہے اس کا مقصد عظیم ہوتا ہے وہ اپنے خون کے قطروں سے جہد آزادی کے عظیم قربانیوں کو تاریخ کے اوراق میں لکھتا ہے تاکہ آنے والے نسلوں کے لیے مشعل راہ ہوجائے لیکن بد قسمتی سے یہاں شوق لیڈری میں اپنی ڈیڑھ انچ کی مساجدین بنا کر سب شہداء کی قربانیوں کو پس پشت ڈال کر گروہی مفادات کے پیچھے پڑھے ہیں لیکن بلوچ قوم اور اسکا حقیقی جہد کار یہ فیصلہ کرچکے ہیں 13 نومبر کو یوم شہداء بھر پور طریقہ سے مناکر مفاد پرستوں اور ریاست دشمن کے سامنے یہ واضح کیا جائے گا کہ شہید کا ایک ہی ارمان آزادی اور انقلاب۔

قوم پر فرض ہے کہ وہ شہید کے لہو کی حرمت کو پہچانے، اس کے مقصد کو زندہ رکھے، اس کے اہلِ خانہ کو تنہا نہ چھوڑے، ان کی قربانیوں کو فراموش نہ کرے اور اس وطن کو ایسا بنائے جس کے لیے شہید نے اپنی جان دی۔

یاد رکھو! شہید کا خون قوم سے صرف خراجِ عقیدت نہیں مانگتا، بلکہ کردار، وفاداری، اتحاد، انصاف اور وطن سے سچی محبت کا تقاضا کرتا ہے۔ جس قوم کے نوجوان اپنے کل کو محفوظ بنانے کے لیے آج اپنی جانیں قربان کر دیں، اس قوم پر لازم ہے کہ وہ ان کے خون کو کبھی رائیگاں نہ جانے دے۔ شہید مرتا نہیں، وہ اپنی قوم کے ضمیر میں زندہ رہتا ہے۔اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جس شہید نے ہمارے لیے اپنی زندگی قربان کر دی، کیا ہم اس کے دیے ہوئے وطن، اس کی قربانی اور اس کے خوابوں کی حفاظت کرنے کا حق ادا کر رہے ہیں؟


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔