نوشکی: فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کا گھروں پر دھاوا، خواتین پر تشدد، گھر نذرِ آتش

288

ضلع نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی میں پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان کا گھروں پر حملہ، خواتین پر تشدد، گھر نذرِ آتش۔

مقامی افراد کے مطابق، پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ نے جمعے کے روز نقیب جمالدینی اور گزشتہ دنوں نوشکی میں جان بحق ہونے والے الطاف کے چچا، مرحوم شیخ امین، کے گھروں پر حملہ کرکے خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھروں کو آگ لگا دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سرکاری حمایت یافتہ گروہ کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے الطاف جمالدینی نامی شخص کے گھر پر بھی دو روز قبل پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے اس وقت دھاوا بول دیا، جب وہاں فاتحہ خوانی جاری تھی۔ وہاں بھی خواتین پر تشدد کیا گیا اور گھروں کو نذرِ آتش کر دیا گیا تھا۔

ان حالیہ واقعات کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر رہی ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔