کیچ: پاکستانی فورسز نے شہریوں کی درجنوں گاڑیاں تحویل میں لے لیں، 14 اگست کے بعد واپسی کی یقین دہانی

19

کیچ کے علاقے دشت میں پاکستانی فورسز کی جانب سے شہریوں کی ذاتی و کاروباری گاڑیاں تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل دشت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز گزشتہ دو روز سے شہریوں کی ذاتی اور کاروباری گاڑیاں تحویل میں لے رہی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق فورسز نے اب تک شہریوں سے 30 سے زائد گاڑیاں تحویل میں لے لی ہیں، جبکہ فورسز حکام نے گاڑی مالکان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ 14 اگست کے بعد گاڑیاں واپس کردی جائیں گی۔

تاہم پاکستانی فورسز کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ شہریوں کی گاڑیاں کس مقصد کے لیے تحویل میں لی جارہی ہیں، شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان گاڑیوں کو 14 اگست کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگرامز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان بھر میں حملوں کے خدشے کے باعث ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں فراہم کرنے سے گریز کرتے رہے ہیں، تاہم دشت میں اس بار پاکستانی فورسز کی جانب سے شہریوں کی ذاتی اور کاروباری گاڑیاں تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔