بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تربت کے علاقے تمپ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان عمران عبداللہ ولد عبداللہ کو جبری طور پر لاپتہ کیے جانے کے آٹھ روز بعد ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا۔ ان کی گولیوں سے چھلنی لاش 14 نومبر 2026 کو مند کے علاقے تلمب سے برآمد ہوئی۔
بیان کے مطابق عمران عبداللہ 9 نومبر 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیے گئے تھے۔ وہ اپنے خاندان کی کفالت اور بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے بیرونِ ملک محنت مزدوری کر رہے تھے۔ تاہم جبری گمشدگی کے آٹھ روز بعد ان کی لاش گولیوں سے چھلنی حالت میں مند کے علاقے تل امب میں پھینکی ہوئی ملی۔
بی وائی سی نے کہا کہ ایک 19 سالہ نوجوان کو جبری طور پر لاپتہ کیے جانے کے بعد قتل کر دینا زندگی کے بنیادی حق، انسانی وقار اور تشدد و ماورائے عدالت قتل سے تحفظ کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ایک نوجوان، جس کے سامنے پوری زندگی اور روشن مستقبل موجود تھا، اسے اپنے خاندان سے چھین لیا گیا اور بالآخر اہلخانہ کو اس کی بے جان لاش واپس ملی۔ اس واقعے نے خاندان کو اپنے پیارے سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ سچائی جاننے، انصاف حاصل کرنے اور ذمہ داروں کے احتساب کے حق سے بھی محروم کر دیا ہے۔
بیان میں سوال اٹھایا گیا کہ آخر ایک 19 سالہ نوجوان نے ایسا کون سا جرم کیا تھا جس کی پاداش میں اسے اپنے خاندان سے جدا کرکے قانون کی دسترس سے باہر رکھا گیا اور پھر گولیوں سے چھلنی لاش کی صورت میں واپس کیا گیا؟ کسی بھی فرد یا ادارے کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ قانونی کارروائی اور عدالتی تقاضے پورے کیے بغیر کسی کی زندگی چھین لے۔ جبری گمشدگی کے بعد ماورائے عدالت قتل قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں پر سنگین حملہ ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر خاموشی توڑیں اور فوری اقدامات اٹھائیں۔
بی وائی سی کے مطابق بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، حراست کے دوران ہلاکتوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات بدستور بلوچ خاندانوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ تشدد کے ان بڑھتے ہوئے واقعات سے بلوچ آبادی کے بنیادی حقِ زندگی کی منظم خلاف ورزیوں اور انصاف کی مسلسل عدم فراہمی کے حوالے سے سنگین خدشات جنم لے رہے ہیں۔


















































