بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پی ایف یو جے کی احتجاجی تحریک کے سلسلے میں منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحافیوں کے مسائل سے متعلق قرارداد پیش کی جائے گی اور وہ اس قرارداد کو سینیٹ میں بھی پیش کریں گے تاکہ صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ اس ملک میں سماجی اصولوں اور جمہوری اقدار کی راہ میں آمروں نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ ہر سماج کے اپنے قوانین اور اصول ہوتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے پاکستان کی دس فیصد اشرافیہ پورے ملک کے فیصلے کر رہی ہے، جبکہ عام عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔
انہوں نے بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام اس قدر محرومیوں کا شکار ہیں کہ انہیں روٹی کے ساتھ اچار کھانے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ عوام کی ان محرومیوں کی ذمہ داری بڑی سیاسی جماعتوں پر بھی عائد ہوتی ہے، جنہوں نے عوامی مسائل کے حل کے بجائے اپنے سیاسی مفادات کو ترجیح دی۔
ڈاکٹر مالک بلوچ کا کہنا تھا کہ آج مولانا فضل الرحمان جیسے قابل احترام سیاسی رہنما کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مارشل لا کے ادوار میں بھی ایسے حالات نہیں دیکھے۔ ماضی میں ہم مرکز کے خلاف احتجاجی جلوس نکالتے تھے اور کھل کر اختلافِ رائے کا اظہار کرتے تھے، لیکن آج کسی کے خلاف بات کرنے پر پچاس شوکاز نوٹس موصول ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر عوام کو ووٹ کا حق نہیں دیا جائے گا تو پھر انہیں کیا دیا جائے گا؟ حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ لوگ اپنے گھروں تک جانے سے قاصر ہیں، جو جمہوری اور سیاسی آزادیوں کے حوالے سے انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔
ڈاکٹر مالک بلوچ نے صوبوں کی تشکیل سے متعلق بحث پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ایسی قومیں آباد ہیں جو ہزاروں سال سے اس سرزمین پر رہ رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود نئے صوبے بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تاریخی، قومی اور عوامی حقائق کو نظرانداز کرکے کیے جانے والے فیصلے مسائل کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت، آزادی اظہار، عوام کے حقِ حکمرانی اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور جمہوری اقدار کی بحالی کے لیے سیاسی جماعتوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔


















































