یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عسکری اتحاد کا کمانڈر برطرف

2
تصویر: Turkish Defence Ministry/REUTERS
سعودی عرب کے چیف آف سٹاف جنرل الرویلی (درمیان میں) جنہیں اب سعودی عسکری اتحاد کا نیا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔ اس تصویر میں الرویلی ترکی اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ، 25 ستمبر کو ریاض میں لی گئی ایک فوٹو

سعودی حکام نے یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف فعال اور سعودی قیادت میں کام کرنے والے عسکری اتحاد کے کمانڈر کو برطرف کر دیا ہے۔ یہ بات سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کی طرف سے بتائی گئی۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے ملنے والی رپورٹوں میں پیر 16 نومبر کے روز بتایا گیا کہ حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والے عسکری اتحاد کے کمانڈر کی برطرفی کی اطلاع دیتے ہوئے سعودی پریس ایجنسی نے ایک شاہی فرمان کا حوالہ دیا۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب حوثی باغی سعودی عرب پر اپنے مسلح حملے گزشتہ چند ہفتوں سے نہ صرف شدید کر چکے ہیں بلکہ وہ یمن کی خانہ جنگی میں اب عدن کی طرف پیش قدمی بھی کرتے جا رہے ہیں۔

عدن یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اس حکومت کا مرکز ہے، جس کے خلاف  حوثی باغی لڑ رہے ہیں اور جس کی حمایت میں سعودی عسکری اتحاد بھی کئی برسوں سے اس جنگ میں حوثیوں کا مخالف فریق بنا ہوا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی نے پیر کے روز لکھا، ’’لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد بن عبدالعزیز السلمان کو اب سعودی وزارت دفاع میں عسکری امور کا مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔‘‘

شاہی فرمان کے مطابق چیف آف سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی کو اب سعودی عسکری اتحاد کا نیا کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔

سعودی عسکری اتحاد کے سابق کمانڈر سلمان نے اپنا یہ عہدہ اگست 2024ء میں سنبھالا تھا۔

ان کی برطرفی کے ساتھ اس عہدے پر نئی تقرری سے صرف ایک روز قبل یمن میں حوثی باغی مزید پیش قدمی کرتے ہوئے عدن کے اس شہر سے صرف 60 کلومیٹر یا 37 میل کی دوری پر پہنچ گئے تھے، جہاں سے یمن کی عبوری حکومت کام کرتی ہے۔